یتیموں اور بے سہارا بچوں کے لئے کراچی میں بڑا آرفن ہائوس کمپلیکس کی تعمیر کا آغاز جلد کیا جائیگا ،ْ محمدعامر حسین

بدھ 20 جون 2018 16:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) وی کیئر فائونڈیشن کے تحت گلشن اقبال میں یتیموں کے ساتھ (عید کی خوشیاں سب کیلئے )کے عنوان پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور یتیم بچوں کے ساتھ شفقت فرماتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ملک عامر حسین نے کہا کہ ہماری جدوجہد عظیم ہے ہم اللہ پاک کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے اپنی آخرت بہتر سے بہتر کرنے کے لئے ایک عطیم الشان آرفن ہائوس کی تعمیر جلد کرنے جا رہے ہیں جس کے لئے زمین خرید لی گئی ہے ۔

اور انشاء اللہ العزیز آرفن ہائوس کا سنگ بنیاد جلد رکھیں گے اور ریکارڈ مدت میں مکمل کریں گے اور اسی سے ہمارے خوابوں کی تعبیر ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یتیموں سے اچھا محبت اور شفقت بھرا برتائو نیکیوں کا سمندر ہے سمجھنے کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ اگر کوئی شخص محبت اور ہمدردی سے کسی یتیم کے سر پر ہاتھ رکھے تو اللہ تعالیٰ اس کے سر پر جتنے بال ہیں ان کے برابر نیکیاں عطا فرماتا ہے ۔

(جاری ہے)

ملک عامر حسین نے پرجوش انداز میں کہا کہ ہم آرفن ہائوس کمپلیکس کے ساتھ ساتھ بچوں کو اعلیٰ تعلیم و تربیت سے آراستہ کر کے مستقبل میں ڈاکٹرز، انجینئر اور زندگی کے شعبہ جات میں اعلیٰ تعلیم دے کر ان کو خود ایک ادارہ بنائیں گے جو نہ صرف اپنا خاندان بلکہ ملک و ملت کا نام بھی روشن کرے اور مستقبل میں پاکستان کا سرمایہ افتخار ثابت ہو ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلدیہ ضلع وسطی کے چیئر مین ریحان ہاشمی نے کہا کہ کروڑوں کے شہر کراچی میں شاید یہ واحد تقریب ہے جو یتیم بچوں کی خوشیوں کے لئے منعقد کی گئی ہے اور اس میں بچیوں کے لئے مہندی، چوڑیاں، فیس پینٹنگ کر کے عید کی حقیقی خوشیوں کے رنگ بھرنے کی قابل دید اور قابل تقلید کامیاب کوشش کی گئی اس سلسلے میں محمد عامر حسین اوروی کیئر فائونڈیشن کی پوری ٹیم کو صمیم قلب سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلاتے ہیں کہ آئندہ یتیموں کے پروگراموں کے لئے جو کچھ بن پڑا کریں گے ۔

سابق قومی اسمبلی کے ممبر مزمل قریشی نے کہا کہ وی کیئر فائونڈیشن نے جس طرح یتیموں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹنے کے لئے اور ان کی دلجوئی کے لئے میجک شو ، جمپنگ کیسل، کٹھ پتلی تماشہ جیسے آئٹم پیش کر کے بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی دل جوئی اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کے لئے جو اہتمام کیا اس سے یتیم بچوں کے چہرے خوشیوں سے کھل اٹھے تو فل حقیقت ہمیں بھی صرف خوشی نہیں بلکی قلبی سکون بھی ملا بیشک آج کی تقریب شہر کی منفرد تقریب ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نعیم قریشی، فرحان صدیقی، صابی، حسین تھیو، حاجی رفیق گریس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں ، بے سہارا بچیوں کیلئے "خوشیاں سب کے لئے " عید کا شاندار تحفہ ہے جبکہ بچوں کو نقد عیدی بھی دی گئی اور انتہائی مزیدار کھانوں سے بچوں کی تواضع بھی کی گئی ۔ وی کیئر فائونڈیشن کے قابل تقلید جذبے کو زبردست سرہاتے ہیں تقریب کے آخر میں پاکستانی نغمہ اس پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں ہم ایک ہیں پر جوش ماحول میں تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ تقریب میں ٹرسٹی ڈائریکٹر زبیر عالم صدیقی ، ایم ڈی دانش شیخ ، ڈائریکٹر پروگرام ظفر سلیم ، محمد دانش، محمد جاوید ، ڈاکٹر عمران محمد فیصل اور دیگر نے خصوصی شرکت کی۔