ضلع گوادر کے عوام بڑی تعداد میں میرے کاروان کے حصہ بن رہے ہیں،عوام کی خدمت کی خاطر سیاست کررہا ہوں ،ْمیر اشرف حسین

بدھ 20 جون 2018 16:10

پسنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) حلقہ پی بی 51 گوادر سے صوبائی اسمبلی سے نیشنل پارٹی کے امیدوار میر اشرف حسین نے کہا کہ میری سیاست کی محور غریب عوام ہے۔ ضلع گوادر کے عوام بڑی تعداد میں میرے کاروان کے حصہ بن رہے ہیں۔عوام کی خدمت کی خاطر سیاست کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورماڑہ اور پسنی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا۔

انہوں نے کہا کہ میرے ووٹرز ضلع گوادر کے غریب عوام ہیں۔ گزشتہ 25 سالوں سے گوادر پر حکمرانی کرنے والوں نے عوام کے مسائل حل نہیں کئیے ہیں۔ آج سی پیک کے شہر میں پانی اور بجلی تک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر کے دیہی علاقوں میں تعلیم اور روزگار نہیں ہے۔ کیونکہ یہاں سے منتخب ہوکر اقتدار میں جانے والوں نے دوبارہ علاقوں میں ترقی اپنی جگہ دورہ کرنا بھی مناسب نہ سمجھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی گوادر اور بلوچستان کی خوشحالی کے لئے سیاست کررہاہے۔ ڈاکٹر عبدالمالک کا ڈھائی سالہ وزارت اعلی کے دور میں بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوا ہے کیونکہ ہم نعروں پر نہیں عملی کام پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ضلع گوادر کے کونے کونے میں لوگ میرے کاروان میں شامل ہورہے ہیں۔ یہ ضلع بھر کے عوام کی محبت ہے کہ مجھے سپورٹ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انشااللہ اس مرتبہ قابض قوتوں کو شکست ہوگی اور 25 جولائی کو میری جیت ضلع گوادرکے عوام کی جیت ہوگی۔ انہوں نے کہا اب ضلع گوادر کے لوگوں میں شعور آچکی ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ 25 سالوں سے یہاں کے سیاہ و سفید کے مالکوں نے عوام کی ترقی کے بجائے اپنے مفادات کو تحفظ فراہم کیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ضلع گوادر کے عوام اپنی بہتر مسقبل کے لئے ووٹ کا درست استعمال کرکیمجھے کامیاب بنائیں۔

کیونکہ میں ہمیشہ سے غریب عوام کے لئے سیاست کررہا ہے۔ اور علاقے کے عوام کی بہتری اور ترقی میری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ماہی گیر نان شبینہ کے محتاج ہوچکے ہیں۔پسنی فش ہاربر کی ڈریجنگ کے نام پر کروڑوں روپیے کرپشن کی نذر ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا اگرعوام نے موقع دیا تو ماہی گیروں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کروں گا۔ عوام کا نمائندہ ہوں اور عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔