ْ ملک میں آئندہ انتخابات کاپرامن ماحول میں انعقادحکومت کی اولین ترجیح ہے ،ْنگراں وزیراعظم

آزادانہ ماحول میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے وفاق ،صوبائی حکومتوں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنائے گا،جسٹس(ر)ناصر الملک سیکورٹی ادارے امن وامان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی کریں ،امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلا س سے خطاب ،مزار قائد پر حاضری

بدھ 20 جون 2018 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ انتخابات کاپرامن ماحول میں انعقادحکومت کی اولین ترجیح ہے۔پرامن،شفاف اور آزادانہ ماحول میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے وفاق ،صوبائی حکومتوں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنائے گا۔ کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سیکورٹی ادارے امن وامان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی کریں ۔ ان خیالات کا اظہارنگراں وزیراعظم نے بدھ کو گورنر ہائوس میں امن وامان کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ میں آئندہ انتخابات کے آزادانہ، شفاف اور پرامن انعقاد کیلیے کیے جانے والے انتظامات پر غور کیا ۔

(جاری ہے)

متعلقہ حکومتی اور سیکیورٹی حکام نے نگراں وزیراعظم کو امن وامان کی صورتحال اور عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیلیے سیکورٹی امور پر بریفنگ دی ۔ اجلاس میں گورنر سندھ محمد زبیر،نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمن ،چیف سیکریٹری سندھ ،کور کمانڈر کراچی ،آئی جی سندھ اور اعلی حکام نے شرکت کی ۔نگراں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام ادارے مربوط حکمت عملی کا تعین کریں اور رابطوں کے نظام کو مذید فعال کریں ۔

سندھ میں امن وامان کے حوالے سے وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔علاوہ ازیں نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک سے گورنر ہاوس میں گورنر سندھ محمد زبیر اور نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمن نے ملاقات کی ۔ملاقات میں امن وامان کی صورتحال اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔قبل ازیں نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک اپنے پہلے دورے پر کراچی پہنچے تو ائیرپورٹ گورنر سندھ محمد زبیر اور دیگر اعلی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

بعدازاں نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے گورنرسندھ محمد زبیر اور نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمن کے ہمراہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔نگراں وزیراعظم نے بانی پاکستان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔نگراں وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے اور بانی پاکستان کی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔