عید الفطر کے موقع پر بچوں کو مفت سواری دینے والا رکشہ ڈرائیور

جب اس شخص اس اقدام کی وجہ پوچھی گئی تو جانتے ہیں اس نے آگے سے کیا جواب دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 جون 2018 16:02

عید الفطر کے موقع پر بچوں کو مفت سواری دینے والا رکشہ ڈرائیور
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جون 2018ء) : سوشل میڈیا پر ایک رکشہ ڈرائیور کی تصویر وائرل ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک رکشہ ڈرائیور کی تصویر وائرل ہونے پر جب صارفین نے اس شخص سے متعلق دریافت کیا تو معلوم ہوا کہ یہ معمولی سا نظر آنے والا رکشہ ڈرائیور عید الفطر کے موقع پر اپنے ہم وطنوں میں خوشیاں بانٹتا نظر آیا۔ بات کچھ یوں ہے کہ سوشل میڈیا پر جس رکشہ ڈرائیور کی تصویر وائرل ہوئی، اس رکشہ ڈرائیور نے عید الفطر کے موقع پر بچوں کو پارکس اور ہوٹلوں تک مفت سواری فراہم کی اور ان سواریوں کا ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا۔

جب اس سے مفت سواری فراہم کرنے سے متعلق دریافت کیا گیا تو اس نے کہا کہ اور عید کا مطلب کیا ہوتا ہے بھلا؟ خوشی ہوتا ہے نا؟ تو بس میں نے سوچا کہ اس مرتبہ عید پر میں بھی لوگوں میں تھوڑی خوشیاں بانٹ دوں۔

(جاری ہے)

اس رکشہ ڈرائیور کی تصویر سوشل میڈیا پر سب سے پہلے کس نے اپ لوڈ کی اس سے متعلق تو تاحال کچھ معلوم نہیں ہو سکا البتہ یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ضرور ہوئی اور صارفین نے اس رکشہ ڈرائیور کی سوچ پر اسے خوب داد دی ۔

ایک طرف تو صارفین نے بچوں میں خوشیاں بانٹنے اور انہیں مفت سواری دینے پر رکشہ ڈرائیور کے اس اقدام کو خوب سراہا اور دوسری جانب ٹیکسی کمپنیوں کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ صارفین کا کہنا تھاکہ ایک طرف یہ غریب رکشہ ڈرائیور عید الفطر پر بچوں میں خوشیاں بانٹنے میں مصروف تھا تو دوسری جانب عید کے موقع پر عوام کو خوشیاں دینے کی بجائے ٹیکسی کمپنیوں نے پیک فیکٹرز کے ذریعےشہریوں سے خوب پیسے لُوٹے، عام کرایہ تو دور کی بات ٹیکسی کمپنیوں نے عید الفطر کے موقع پر اپنے کرایوں میں 2 سے 3 گُنا تک اضافہ کر دیا جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

صارفین نے کہا کہ شہریوں کی مجبوری کا فائدہ اُٹھا کر ان سے پیسے بٹورنا قابل مذمت ہے۔ بڑی بڑی کمپنیوں کو چاہئیے کہ وہ ایسے غریب ہی سہی لیکن فراخ دل رکشہ ڈرائیور سے کچھ سیکھیں۔