پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخواکے نگران وزیراعلی کی تعیناتی سے متعلق رٹ سماعت کیلئے منظورکرلی

بدھ 20 جون 2018 15:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخواکے نگران وزیراعلی کی تعیناتی سے متعلق رٹ سماعت کے لئے منظورکرتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل سے تحریری جواب طلب کرلیا ،کیس کی سماعت ستائیس جون کو ہوگی۔ پشاور ہائیکورٹ میں نگران وزیراعلی خیبر پختونخواکی تعیناتی کے خلاف رٹ کی سماعت ہوئی،درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلی کی تعیناتی آرٹیکل باسٹھ اورترسٹھ کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

سروسز رولز کے تحت دوسال تک ملازم پیشہ فرد عہدہ نہیں رہ سکتا،ایڈوکیٹ جنرل کا جواب میں کہنا تھا کہ کیس میں آرٹیکل تریسٹھ لاگو نہیں ہوسکتا، نگران وزیراعلی کا عہدہ سروسز آف پاکستان میں نہیں آتا،جسٹس وقار احمد کا ریمارکس میں کہنا تھا کہ یہ وزیر اعلی نہیں ان کا عہدہ نگران وزیر اعلی کا ہے،عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل سے تین دن میں تحریری جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ستائیس جون تک ملتوی کردی،کیس کی سماعت جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس ناصر محفوظ نے کی۔