خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات کاڈائریکٹوریٹ جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ کا دورہ

نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق محکمے کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے،وزیراطلاعات ظفراقبال

بدھ 20 جون 2018 15:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ ظفر اقبال بنگش نے ڈائریکٹوریٹ جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے محکمہ کے تمام افسران کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس کے دوران محکمہ کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر ادارے کے اہلکاروں کی کارکردگی انہیںمہیا کی جانے والی سہو لیات اور ضروریات کی فراہمی سے براہ راست تعلق رکھتے ہیں بہتر اور موزوں ورکنگ ماحول کی موجودگی میں اچھے نتائج بر آمد ہونگے ۔

اس لئے موجودہ نگران حکومت اپنے فریم ورک میں رہتے ہوئے محکمے کو زیادہ سے زیادہ بہتر ورکنگ ماحول مہیاکرنے کے لئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق محکمے کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے تا ہم محکمے کے افسروں اور اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور خلوص نیت سے ادا کرنا اپنا اولین نصب العین بنانا ہوگا ۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ قیصر عالم نے صوبائی وزیر کو محکمہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے محکمہ کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے بعض ضروریات کی بروقت فراہمی کی درخواست کی ۔ سیکرٹری اطلاعات نے محکمہ کے مسائل اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے بعض اہم کامیابیوں اور اعلیٰ کارکردگی کی بھی نشاندہی کی جبکہ محکمہ کو دور جدید کی تیز تر تبدیلیوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے بعض منصوبوں کا بھی ذکر کیا جن میں افسروںکی استعداد کاربڑھانے، سروس سٹرکچر میں بعض بے قاعدگیوں کی اصلاح احوال، آفس اکاموڈیشن ، ٹرانسپورٹ وغیرہ شامل ہیں ۔

صوبائی نگران وزیر اطلاعات نے محکمہ کی اہمیت اور کار کردگی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ اپنی آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے محکمے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھر پور جدوجہد کرینگے ۔اس موقع پر ڈایریکٹر جنرل امداد اللہ ، پریس رجسٹرار فردوس خان کے علاوہ محکمہ اطلاعات کے افسران اور ریڈیو پختونخوا کے ذمہ داران بھی موجود تھے جنہوں نے نگران صوبائی وزیر کے ساتھ محکمہ کی کار کردگی ، ذمہ داریوں اور مشکلات پر تبادلہ خیا ل کیا ۔ بعد ازاں نگران وزیر اطلاعات نے ڈائریکٹوریٹ جنرل کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود اہلکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔