سرگودھا ،ْ عام انتخابات کیلئے امیدواروں اور انکے حامیوں کو ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی

بدھ 20 جون 2018 15:30

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) 25جولائی کے عام انتخابات کے لیے امیدواروں اور ان کے حامیوں کو ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔جس میں کسی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار کو بڑا جلسہ کروانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے منظوری لینا ہوگی جلسہ کے لیے جگہ کمپنی باغ اور میلہ منڈی گراونڈ مخصوص کردی گئی ہے۔

ضلع بھر میں الیکشن کے ایام کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور اس پر عمل درآمد کرانے کے لیے خصوصی طور پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف علاقوں میں امیدواروں اور ان کے حامیوں کی طرف سے چلائی گئی انتخابی مہم کو مانیٹر کریں گئیں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

(جاری ہے)

زرائع کے مطابق ریٹرننگ افسران کی طرف سے مختلف پولنگ اسٹیشنز کی جگہوں کا معائنہ کرنے کے بعد مزید متعدد پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دے کر اے اور بی کیٹگری میں شامل کرنے کے لیے پولیس کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سرگودھا اورریجنل الیکشن کمشن سرگودھا اور دیگر محکموں کے افسران کے درمیان ایک میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی جماعت کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی امیدواروں اور ان کے حامیوں کو اسلحہ اٹھا کر پھرنے کی بھی اجازت نہ ہوگی یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اگر بڑا جلسہ کرنا ہے تو اس کے لیے ضلعی انتظامیہ سے اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگی جلسہ کے لئے میلہ منڈی گراؤنڈ اور کمپنی باغ گراونڈ کو مختص کیا جا رہا ہے ضلع سرگودھا میں کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 1697 ہیں جن میں سے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز میں 155 کو کیٹگری اے اور 145 پولنگ سٹیشنوں کو بی کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے جبکہ دیگر پولیس اسٹیشن سی کیٹگری میں شامل ہوں گے ضلع سرگودھا میں انتخابات کے دوران کسی بھی صورت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے لیے پولیس اور دیگر اداروںکو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے انتخابی مہم کو منیٹر کرنے کے لیے سپیشل مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گی۔