ایمنسٹی اسکیم سے 11سو افراد کے 135 ارب روپے کے اثاثے ٹیکس نیٹ میں شامل ہوئے

الیکشن اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مئی 2018ءمیں اسٹاک مارکیٹ سے 5 کروڑ دس لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری نکال لی گئی۔اسٹیٹ بینک

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 جون 2018 14:46

ایمنسٹی اسکیم سے 11سو افراد کے 135 ارب روپے کے اثاثے ٹیکس نیٹ میں شامل ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جون۔2018ء) ایمنسٹی اسکیم سے 11سو افراد کے 135 ارب روپے کے اثاثے ٹیکس نیٹ میں شامل ہوگئے ہیں ظاہرکئے گئے اثاثوں سے حکومت کو 4 ارب روپے کی ٹیکس آمدنی ہوئی، ملکی ٹیکس بار ایسوسی ایشنز نے اسکیم میں 15 روز توسیع کی تجویز دی ہے۔ذرائع کے مطابق ایمنسٹی اسکیم سے 1100 افراد اب تک اپنے اثاثے ظاہر کرچکے ہیں ، اسکیم سے اب تک 135 ارب روپے کے اثاثے ٹیکس نیٹ میں شامل ہوچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ظاہرکئے گئے اثاثوں سے حکومت کو 4 ارب روپے کی ٹیکس آمدنی ہوئی ہے۔بیرون ملک اور ملکی اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم سے 1 ہزار ارب روپے ٹیکس نیٹ میں آنے کے اندازے ہیں جو امریکی ڈالر میں 8 ارب 20 کروڑ ڈالر بنتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اثاثے ظاہر ہونے کی اسکیم سے حکومت کو مجموعی طور پر 35 ارب روپے ٹیکس ملنے کا امکان ہے، اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی آخری تاریخ 30 جون 2018 ہے، ملکی ٹیکس بار ایسوسی ایشنز نے اسکیم میں 15 روز توسیع کی تجویز دی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر ذیشان مرچنٹ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنے کے لئے ٹیکس کی ادائیگی کا سسٹم آسان بنایا جائے، ادائیگی کا سسٹم بہتر ہونے سے بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنے کی رفتار میں تیزی ہوگی۔دوسری جانب رواں مالی سال کے 11ماہ میں غیرملکی سرمایہ کاری 52 فیصد اضافے سے 4ارب 76 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔الیکشن اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مئی 2018ءمیں اسٹاک مارکیٹ سے 5 کروڑ دس لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری نکال لی گئی۔

اسٹیٹ بینک کے غیر ملکی سرمایہ کاری کے اعداوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے 11ماہ میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ 1اعشاریہ 3 فیصد کمی سے 2 ارب 47 کروڑ ڈالر رہی۔رواں مالی سال 11ماہ میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 52 فیصد اضافے سے 4ارب 76 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے کی وجہ اس مدت میں پاکستان کی جانب سے 2ارب 50 کروڑ ڈالر کی بانڈز کی فروخت بھی ہے۔

گزشتہ 11ماہ کے دوران اسٹاک مارکیٹ سے 16 کروڑ 19 لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا، جو گزشتہ سال اسی مدت کے 39 کروڑ 17 لاکھ ڈالر سے 23 کروڑ ڈالر کم ہے۔اعداوشمار کے مطابق مئی 2018ءمیں غیرملکی سرمایہ کاری 46 فیصد کمی سے 18کروڑ ہوئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکشن اور موجودہ سیاسی صورتحال پر اسٹاک مارکیٹ میں 2018ءمیں 5کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا جو گزشتہ سال اسی ماہ کے مقابلے 2 کروڑ 76 لاکھ ڈالر اضافی نکال لیے گئے۔