مکی آرتھرنے محمد عامرکے مستقبل کا لائحہ عمل بنانے کی تیاری کرلی

تیار کردہ پلان سلیکشن کمیٹی کو دوں گا جو پیسر کو اس سے آگاہ کرے گی:مکی آرتھر

بدھ 20 جون 2018 14:26

مکی آرتھرنے محمد عامرکے مستقبل کا لائحہ عمل بنانے کی تیاری کرلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جون 2018 ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر قومی فاسٹ باﺅلر محمد عامر کے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے جلد چیف سلیکٹر انضمام الحق سے اہم میٹنگ کریں گے۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ تیار کردہ پلان سلیکشن کمیٹی کو دیا جائے گا جو محمد عامر کو اس سے آگاہ کرے گی۔ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ انہیں آئندہ برس عالمی کپ کیلئے تیاری کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ میگا ایونٹ تک تمام کرکٹرز مکمل تیار ہوں اور چونکہ بہترین ٹیم کے انتخاب کیلئے ان کے پاس وقت ہے لہٰذا اولین کوشش یہی ہے کہ اہم کھلاڑیوں کو تھکاوٹ اور انجریز سے بچایا جائے۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ دنیا کے سخت ترین کاموں میں سے ایک ہے جس کا اندازہ ماضی کے کوچز اور ان کو درپیش مسائل پر نگاہ ڈال کر آسانی سے کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

قومی ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ایک،ایک ٹیسٹ جیتنے پر اطمینان نہیں ہے کیونکہ انگلینڈ کیخلاف لارڈز کی طرح لیڈز میں بھی کامیابی کے ساتھ سیریز جیتنا چاہئے تھی۔

انہوں نے کہا کہ دورہ برطانیہ سے قبل اگر کوئی ایسے نتیجے کا کہتا تو شاید قابل قبول ہوتا لیکن لارڈز ٹیسٹ کی پرفارمنس کے بعد دوسرا ٹیسٹ میچ ہارنے پر شدید مایوسی ہوئی تھی۔ مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں اور گرین شرٹس کے روشن مستقبل سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ شاداب خان،حسن علی،فہیم اشرف اور فخر زمان کی صورت میں فتح گر کھلاڑی بھی سامنے آرہے ہیں۔یاد رہے کہ مکی آرتھر کی جانب سے قومی ٹیم کی کوچنگ سنبھالنے کے بعد ٹیم کی کارکردگی میں بہتری دیکھنے میں آرہی ہے اور گرین شرٹس نے نہ صرف گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے بلکہ دو مرتبہ انگلینڈ کے خلاف اسی کے ہوم گراﺅنڈز پر ٹیسٹ سیریز برابر کی ہے ۔