Live Updates

ْپیپلز پارٹی نے نگران وزیر داخلہ اعظم خان کی تقرری کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی

نگران حکومت کے تمام وزراء غیر جانبدار ہونے چاہئیں مگر موجودہ نگران وزیر داخلہ عمران خان فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز میں شامل ہیں اعظم خان نے عمران خان کے دوست زلفی بخاری کے لیے وزارت داخلہ سے ایک غیر قانونی حکم جاری کروایا، تقرری منسوخ کی جائے‘موقف

بدھ 20 جون 2018 14:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما فیصل میر نے نگران وزیر داخلہ اعظم خان کی تقرری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔انہوں نے اپنی درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور ایف آئی اے کو بھی فریق بنایا ہے۔ فیصل میر نے ظفر چوہدری ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق نگران حکومت کے تمام وزراء غیر جانبدار ہونے چاہئیں مگر موجودہ نگران وزیر داخلہ عمران خان فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز میں شامل ہیں۔

اعظم خان نے غیر قانونی طور پر ایف آئی کو استعمال کیا اور عمران خان کے دوست زلفی بخاری کے لیے وزارت داخلہ سے ایک غیر قانونی حکم جاری کروایا۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ نگران وزیرداخلہ کی تقرری کو منسوخ کرنے کہ احکامات جاری کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فیصل میر نے کہا کہ عمران خان اسوقت نگران سیٹ اپ کے ذریعے وزیراعظم ناصر الملک سے زیادہ اختیارات استعمال کر رہے ہیں،قانون کے مطابق ایگزیکٹو کنٹرول لسٹ اور بلیک لسٹ سے نام ہٹانے کا اختیار صرف وفاقی کابینہ کا ہے۔

جس وقت زلفی بخاری کو پاکستان سے باہر جانے کی اجازت دی گئی اسوقت کابینہ کا کوئی اجلاس نہیں ہوا تھا۔وفاقی وزیر داخلہ اعظم خان وزیر بننے سے پہلے نے عمران خان کے سیکریٹری عون چوہدری کے دفتر میں گھنٹوں بیٹھ کر عمران خان سے ملاقات کا وقت مانگا کرتے تھے۔پی ٹی آئی کے کسی ایک شخص کی فون کال پر اعظم خان نے عمران خان کے دوست کے لئے تمام قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔ایسے غیر جانبدار شخص کی موجودگی میں غیر جانبدار الیکشن ناممکن ہیں لہٰذا اعظم خان کی بطور وزیر داخلہ تقرری کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات