دُبئی:مروت میں ساتھی مسافر کا سامان پکڑنا گرفتاری کا باعث بن سکتا ہے

دُبئی کسٹم کی جانب سے متحدہ امارات میں ممنوعہ اشیاء کے حوالے سے گائیڈ لائن جاری کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 جون 2018 14:04

دُبئی:مروت میں ساتھی مسافر کا سامان پکڑنا گرفتاری کا باعث بن سکتا ہے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جُون 2018ء) امارات کے کسٹم حکام کی جانب سے متحدہ عرب امارت آنے والے مسافروں کے لیے گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ سفر کے دوران یا ایئرپورٹ پر کسی بھی مسافر کا سامان اپنے پاس نہ رکھیں‘ چاہے مسافر آپ کی کتنی بھی منت سماجت کیوں نہ کرے۔ اس کے علاوہ اپنے وطن سے امارات میں مقیم کسی شخص کو پہنچانے کے لیے کسی قسم کا پارسل یا سامان بھی نہ لائیں‘ کیونکہ ہو سکتا ہے اس میں کوئی ایسی ممنوعہ شے موجود ہو جو آپ کے لیے کسی بڑی مصیبت کا باعث بن جائے۔

اس حوالے سے متحدہ عرب امارات میں ممنوعہ اشیاء کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے۔ البتہ کچھ ممنوعہ شے ایسی ہیں جو ادویہ سازی میں استعمال ہونے کے باعث متعلقہ حکام کی جانب سے پرمٹ کے اجراء کے بعد لائی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

دُبئی کسٹم اہلکاروں نے 2017ء کے دوران ممنوعہ اشیاء کی متحدہ عرب امارت میں سمگلنگ کی 1,638 کوششوں کو ناکام بنایا جبکہ 2016ء میں سمگلنگ کی 1,347 سرگرمیاں ناکام بنائی گئیں۔

کسٹم حکام کے مطابق تمام تر نشہ آور ادویات مثلاً چرس‘ کوکین‘ ہیروئن‘ پوست وغیرہ امارات لانا قابلِ سزا جُرم ہے۔ ایسی اشیاء کی بھی مناہی ہے جو بائیکاٹ شُدہ ممالک سے لائی گئی ہوں۔ خصوصاً اسرائیل میں تیار کردہ یا اسرائیل کے ٹریڈ مارک یا لوگو والی اشیاء لانا بھی منع ہے۔ خام ہاتھی دانت‘ گینڈے کے سینگ‘ جوئے میں استعمال ہونے والا سامان اور مشینری‘ قدیم مخطوطات‘ لیتھوگرافس‘ مجسمے اور بُت وغیرہ پر بھی پابندی عائد ہے۔ اس کے علاوہ ایسی کتابیں‘ تصاویر‘ آئل پینٹنگز‘ اور دوسرا تحریری مواد جو اسلامی تعلیمات کے منافی ہے‘ وہ بھی قابلِ ضبطی ہو گا۔ گھر پر تیار کردہ خوراک لانا بھی سختی سے منع ہے۔ اس کے علاوہ جعلی کرنسی لانے پر بھی سزا کا مُوجب بنتا ہے۔