مریم نواز کے جائیداد نہ ہونے کے تمام دعوے جھوٹے قرار

الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے بیان حلفی میں کروڑوں روپے کی جائیداد کا اعتراف کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 جون 2018 13:51

مریم نواز کے جائیداد نہ ہونے کے تمام دعوے جھوٹے قرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جون 2018ء) : عام انتخابات 2018ء کی آمد آمد ہے جس کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کے اُمیدواروں نے ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش ہو کر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ عام انتخابات میں حصہ لینے والے اُمیدواروں کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے کہ ہر اُمیدوار کاغذات نامزدگی کے ساتھ اپنا ایک بیان حلفی بھی جمع کروائے گا یہی وجہ ہے کہ اپنے بیان حلفی میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کو اپنی دوسری شادی کا اعتراف کرنا پڑا۔

تاہم اب مریم نواز کا پول بھی کھُل کر سامنے آگیا ہے۔ کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کروائے گئے بیان حلفی میں مریم نواز نے اپنی کروڑوں روپے کی جائیداد کا اعتراف کیا ہے جس کے بعد ان کے جائیداد نہ ہونے کے دعوے جُھوٹے ثابت ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق مریم نواز کی جانب سے جمع کروائے گئے بیان حلفی میں بتایا گیا کہ مریم نواز 1506 کینال اراضی کی مالک ہیں۔

الیکشن کمیشن میں جمع کروائے بیان حلفی میں مریم نواز نے خود اپنے دعووں کو جُھوٹا ثابت کیا اور کروڑوں روپے کی جائیداد ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ بیان حلفی میں بتایا گیا کہ مریم نواز چودھری شوگر ملز میں 4 لاکھ ایک ہزار 455 شئیرز، محمد بخش ٹیکسٹائل مل میں ان کے 4 لاکھ 82 ہزار ایک سو شئیرز، اور حدیبیہ پیپر ملز میں ان کے 4 لاکھ 24 ہزار 2 سو شئیرز ہیں ، مریم نواز ان سمیت 5 ملوں میں شئیر ہولڈر ہیں۔

بیان حلفی میں بتایا گیا کہ مریم نواز نے ایک کمپنی کو 70 لاکھ روپے کا قرض بھی دے رکھا ہے۔2015ء میں انہوں نے چودھری شوگر ملز کو بھی 70 لاکھ روپے کا قرض دے رکھا تھا۔بیان حلفی میں انہوں نے حدیبیہ پیپر مل سمیت دو ملوں کے بند ہونے سے متعلق بھی بتایا۔ مریم نواز نے بتایا کہ انہوں نے 34 لاکھ 62 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، خاندان کی زیر تعمیر فلور مل میں مریم نواز نے 34 لاکھ 62 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔

مریم نواز کو 4 کروڑ، 92 لاکھ 77 ہزار روپے کے تحائف ملے۔2015ء میں مریم نواز کے پاس 958 کینال زمین تھی ، تین برس کے دوران مریم نواز کی زرعی زمین میں 548 کینال کا اضافہ ہوا۔ مریم نواز نے تین برس میں 64 لاکھ روپے سے غیر ملکی دورے کیے۔ مریم نواز نے بتایا کہ ان کے اثاثوں میں سالانہ 4 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔