Live Updates

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد کوعہدے سے ہٹا دیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 جون 2018 13:39

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد کوعہدے سے ہٹا دیا گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جون۔2018ء) پنجاب کی نگراں حکومت نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں تعینات ہونے والی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا ہے۔نگراں حکومت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد شان گل کو ایڈووکیٹ جنرل کا اضافی چارج دے دیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔سابق گورنر پنجاب شاہدحامد کی صاحبزادی اور نون لیگ کے وزیرقانون زاہد حامد کی بھتیجی عاصمہ حامد کو صوبے میں شہباز شریف کی حکومت کے اختتام سے 2 روز قبل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔

عاصمہ حامد کا کہنا ہے کہ انہیں عہدے سے ہٹانے کی کوئی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت نے انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے اعتماد میں نہیں لیا، جبکہ حکومتی نوٹیفکیشن کے بارے میں انہیں میڈیا کے ذریعے علم ہوا۔

(جاری ہے)

عاصمہ حامد نے شکوہ کیا کہ انہیں ایک آئینی ذمہ داری دی گئی تھی، اور اگر اس ذمہ داری سے ہٹانا تھا تو آئینی ذمہ داری پوری کی جاتی۔

ذرائع کے مطابق نگراں کابینہ نے عاصمہ حامد کی بطور ایڈووکیٹ جنرل تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق مستقل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی تعیناتی تک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد شان گل اضافی فرائض انجام دیں گے۔ پنجاب کی صوبائی حکومت کی مدت کے اختتام سے قبل پرنسپل لا افسر شکیل الرحمٰن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

بعدِ ازاں عاصمہ حامد کو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے عہدے پر تعینات کردیا گیا تھا اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو ایڈووکیٹ جنرل تعینات کیا گیا تھا۔ان کی تعیناتی پر پاکستان تحریک انصاف نے شدید مخالفت کی اور اس وقت کے وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو خط لکھ کر ان کی تعیناتی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔عاصمہ حامد سابق گورنر پنجاب شاہد حامد کی صاحبزادی اور سابق وفاقی وزیر زاہد حامد کی بھتیجی ہیں، عاصمہ حامد جنوری 2014 میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل مقرر ہوئیں بعدازاں انہیں 18 فروری 2015 کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے عہدے پر تعینات کیا گیا جبکہ 2016 میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نوید رسول مرزا کی صحت خراب ہونے کے باعث ان کے مستعفی ہوجانے کے بعد پرنسپل لاءآفیسر کے عہدے کی ذمہ داریاں بھی نبھاتی رہیں۔

خیال رہے کہ عاصمہ حامد نے جامعہ پنجاب سے ایل ایل بی جبکہ ہارورڈ کے لاءسکول سے آئینی قوانین میں ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات