دُبئی:گداگر سے ایک لاکھ اماراتی درہم کی بھاری رقم برآمد

گرفتاری انسدادِ گداگری مہم کے تحت عید الفطر کے روز عمل میں آئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 جون 2018 13:34

دُبئی:گداگر سے ایک لاکھ اماراتی درہم کی بھاری رقم برآمد
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جُون 2018ء) دُبئی کی پولیس نے ایک ایسا امیر کبیر گداگر گرفتار کیا ہے جو ایک لاکھ امارتی درہم کا مالک ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ایشیائی مُلک سے تعلق رکھنے والا یہ گداگر 60 سال سے زائد عمر کا تھا اور اُس نے مصنوعی ٹانگیں لگوا رکھی تھیں جن کے اندر اُس نے رقم چھُپا رکھی تھی۔اس منفرد گداگر کی گرفتاری عید کے روزالقواز کے علاقے سے ظہر کی نماز کے بعد عمل میں آئی۔

ابتدائی تلاشی کے دوران گداگر سے 25 درہم برآمد ہوئے۔ جس کے بعد اس کی مصنوعی ٹانگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے مزید پینتالیس ہزار اماراتی درہم نکل آئے۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک کی کرنسیوں پر مشتمل بھاری رقم بھی گداگر کے قبضے سے مِلی ہے۔ یہ گداگر ایک ماہ پہلے وِزٹ ویزہ پر متحدہ عرب امارات آیا تھا۔

(جاری ہے)

دُبئی پولیس کی جانب سے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جبکہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کو بھی اطلاع کر دی گئی جس نے ملزم کو ویزہ جاری کرنے والی کمپنی کے خلاف سخت ایکشن لے لیا ہے۔ دُبئی پولیس کے ترجمان کے مطابق انسدادِ گداگری مہم کے دوران مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے243 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 136 مرد جبکہ 108 خواتین شامل ہیں۔ ان گرفتار شُدگان میں سے 195 وِزٹ ویزہ پر امارات آئے تھے جن میں سے کچھ کو بزنس مین ظاہر کیا گیا تھا جبکہ 48 کے پاس رہائشی ویزہ تھا۔

ترجمان کے مطابق گداگر دھوکا دہی پر مبنی مختلف طریقوں سے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر کے اُن کی ہمدردیاں حاصل کرتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ بڑی رقم اکٹھی کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ جبکہ کچھ گداگر ایسے ہیں جو رقم اکٹھی کر کے اُن سے چوری‘ ڈکیتی اور قتل وغیرہ کی وارداتوں کے لیے اسلحہ اور دیگر ساز و سامان خریدتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے گداگری کے خلاف مہم کا آغاز رمضان المبارک کے مہینے سے قبل کیا گیا تھا اور عید کے دِنوں میں اس کا اختتام ہوا۔ مؤثر کارروائی کے باعث گداگروں کی تعداد میں بہت کمی آ گئی ہے۔جبکہ ان گداگروں کو ویزہ فراہم کرنے والی کمپنیوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔