پشاور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعلیٰ دوست محمد خان کی تقرری کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی

ایڈووکیٹ جنرل سے 3 دن میں تحریری جواب طلب دوست محمد کو نگراں وزیراعلیٰ بناناجوڈیشل پالیسی کیخلاف ‘نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی آرٹیکل 62 ،63 کی خلاف ورزی ہے‘درخواستگزار

بدھ 20 جون 2018 13:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) پشاور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعلیٰ دوست محمد خان کی تقرری کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی اورایڈووکیٹ جنرل سے 3 دن میں تحریری جواب طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں نگراں وزیراعلی ٰدوست محمدکی تقرری کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس وقار احمد اور جسٹس ناصر محفوظ نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزار عزیزالدین کاکاخیل ایڈووکیٹ نے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کوچیلنج کررکھا ہے،درخواستگزار نے عدالت کے روبروموقف اختیار کیا کہ دوست محمد کو نگراں وزیراعلیٰ بناناجوڈیشل پالیسی کیخلاف ہے،نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 62 ،63 کی خلاف ورزی ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل عبدالطیف یوسفزئی نے کہا کہ کیس میں آرٹیکل 63 لاگو نہیں ہوسکتا،سپریم کورٹ کا جج سروس آف پاکستان کا عہدہ نہیں رکھ سکتا،نگراں وزیراعلی ٰکا عہدہ سروسز آف پاکستان میں نہیں آتا۔جسٹس وقار احمد سیٹھ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعلی ٰنہیں، ان کا عہدہ نگراں وزیراعلیٰ کا ہے، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سی3 دن میں تحریری جواب طلب کرلیااور سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔