گورنر ہاؤس کراچی شادی ہال بن گیا

صدر مملکت ممنون حسین کی پوتی کی شادی کے لیے کراچی گورنر ہاؤس کا لان بُک، شادی کے کارڈز بھی سرکاری لوگوں کے ساتھ چھپوائے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 جون 2018 13:24

گورنر ہاؤس کراچی شادی ہال بن گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جون 2018ء) : کراچی کا گورنر ہاؤس شادی ہال بن گیا ۔ جی ہاں! صدر مملکت ممنون حسین کی پوتی کی شادی کے لیے کراچی کا گورنر ہاؤس شادی ہال بن گیا۔ صدر مملکت ممنون حسین کی پوتی ہدیٰ عدنان کی شادی 24 جون کو احمد فرید الدین سے ہو گی۔ دولہے راجا بینڈ باجے کے ساتھ بارات کسی شادی ہال میں نہیں بلکہ گورنر ہاؤس کراچی لائیں گے۔

صدر ممنون حسین نے کراچی کا گورنر ہاؤس اپنی پوتی کی شادی کے لیے تو بُک کروایا ہی ، ساتھ ہی ساتھ انہوں نے شادی کے کارڈز بھی سرکاری لوگوں کے ساتھ جا کر چھپوائے۔ گورنر ہاؤس کے وی وی آئی پی لان میں شادی کرنے کا خرچ 10 سے 15 لاکھ روپے آتا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین کو پوتی کی شادی کے لیے سرکاری عمارت کے استعمال پر تنقید کا بھی سامنا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ صدر ممنون حسین ملک میں سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے سرکاری عہدیدار ہیں۔

ممنون حسین کی تنخواہ میں حال ہی میں 7 لاکھ 66 ہزار اور 5 سو روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد ان کی تنخواہ 8 لاکھ 46 ہزار 5 سو 50 روپے مقرر کی گئی۔ صدر کی تنخواہ میں اضافہ 75 کے ایکٹ میں ترمیم کے بعد بل تیار کر کے وفاقی کابینہ کے بل میں ترمیم کی منظوری کے بعد کیا گیا۔ جس کے تحت صدر مملکت کی تنخواہ میں 7 لاکھ 66 ہزار اور 5 سو روپے کے اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔

آخری بار 2004ء میں صدر کی تنخواہ وفاقی حکومت نے 80 ہزار روپے مقرر کی تھی لیکن اب اضافے کے بعد ممنون حسین کی تنخواہ 8 لاکھ 46 ہزار 5 سو روپے ہو گئی تھی جو کہ چیف جسٹس کی تنخواہ سے ایک روپیہ زیادہ ہے۔ اس سے قبل بھی صدر مملکت ممنون حسین کے کئی شاہانہ اخراجات کی داستانیں خبروں کی زینت بنتی رہی ہیں۔گذشتہ برس نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں معروف صحافی رؤف کلاسرا نے بتایا تھا کہ بہاولپور کانووکیشن پر جانے کے لیے صدر مملکت اور ان کے اہل خانہ کے لیے دو طیارے بھجوائے گئے تھے۔اس کے علاوہ سی ون تھرٹی پر بلٹ پروف گاڑی الگ صدر مملکت کے ساتھ بھجوائی گئی۔کراچی کے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس جہاں صرف غیر ملکی مہمانوں کو رکھا جا سکتا ہے وہاں صدر مملکت کا پورا خاندان رہ رہا ہے۔