ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے اچھی سکیم ہے‘خادم حسین

بدھ 20 جون 2018 13:32

ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے اچھی سکیم ہے‘خادم حسین
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن و سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ لاہور خادم حسین نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم عوام کو اپنے معاملات درست کرنے کیلئے اچھی سکیم ہے اور اس سکیم سے زیادہ سے زیادہ عوام ٹیکس نیٹ میں شامل ہوگی جس سے حکومتی ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا اور حکومت معاشی طورپر مستحکم ہوگی،ایمنسٹی اسکیم میں 1100افراد کی جانب سے 135ارب کے اثاثے ظاہر کرنے سے حکومت کو4ارب روپے کی آمدنی ہوئی ،اثاثے ظاہر ہونے کی اسکیم سے حکومت کو مجموعی طور پر35ارب روپے ٹیکس ملنے کا امکان ہے جس سے معیشت مستحکم ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیروز پور بورڈکے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

خادم حسین نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے بارے میں عوامی شعور کی آگاہی کیلئے بھر پور مہم چلائی جائے تاکہ صحیح معنوں میں اس کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔نیز اس کی 30جون کی آخری تاریخ میں الیکشن میں مصروفیات کے باعث اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سکیم سے استفادہ حاصل کرکے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کا باعث بنیں۔ اس لیے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی مدت میں31دسمبر2018تک توسیع کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے استفادہ حاصل کرسکیں اس طرح حکومت کے ٹیکس نیٹ اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا اور حکومت کومزید بیرونی قرضوں سے بھی نجات ملے گی۔