سکھ لیڈرمہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے سکھ یاتری کل پاکستان پہنچیں گے

تقریباً 500 سکھ یاتری خصوصی ٹرین کے ذریعے لاہور آئیں گے ،سکیورٹی ، رہائش سمیت دیگر ضروری تمام انتظامات مکمل

بدھ 20 جون 2018 13:32

سکھ لیڈرمہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) سکھ لیڈرمہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے تقریباً 500 سکھ یاتری خصوصی ٹرین کے ذریعے کل(جمعرات )21جو ن کو پاکستان پہنچیں گے ۔واہگہ ریلوے اسٹیشن پر سیکرٹری بورڈ محمد طارق خان ،ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل ،سردار رمیش سنگھ اروڑا ،پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ ،سابق پردھان سردار بشن سنگھ ،پی آر او عامر حسین ہاشمی ،سیکورٹی آفیسر فضل ربی اور اعلیٰ افسران انکا استقبال کریں گے۔

ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل کے مطابق بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ مہمانوں کی رہائش ، سیکورٹی اور سفری سہولیات سمیت دیگر تما م ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریبات میں لوڈ شیڈنگ کے دوران جنریٹر زموجود ہوں گے جبکہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ٹرانسپورٹ کے لیے ریلوے انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں ،جبکہ میڈیکل کی سہولیات کے لیے ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم یاتریوں کے ساتھ رہے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ موسم گرما کی وجہ سے روم کولرز اور فین استعمال کیے جائیں گے۔23جون کو حسن ابدال سے ننکانہ صاحب آئیں گے جہاں پر گورو دوارہ جنم استھان میں قیام کریں گے۔ قیام کے دوران گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد روانہ ہو جائیں گے جہاں یاتراکر نے کے بعد26جون کو لاہور آئیں گے اور گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں قیام کریں گے ۔ لاہور قیام کے دوران گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد اور گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور یاترا کریں گے۔

مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب 29جون کو گورو دوراہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہو گی جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری اور مقامی سکھ برادری ،پاکستان سکھ گورودوارہ پر بندھک کمیٹی کے رہنماء شریک ہوں گے ۔بھارت سے آئے سکھ یاتری30جون کو سپیشل ٹرین کے ذریعے بذیعہ واہگہ بارڈر واپس چلے جائیں گے ۔