اسحاق ڈار کے خلاف زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 27 جون تک ملتوی

کیس میں شریک ملزم نیشنل بینک کے صدر سعید احمد کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

بدھ 20 جون 2018 12:58

اسحاق ڈار کے خلاف زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 27 جون تک ملتوی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 27جون تک ملتوی کردی ۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈارکے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ضمنی ریفرنس کی سماعت کی، ریفرنس میں نامزد ملزمان صدر نیشنل بینک سعید احمد ہجویری ٹرسٹ کے ڈائریکٹرز نعیم محمود اورمنصور رضاعدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران نامزد ملزمان ہجویری ٹرسٹ کے ڈائریکٹرزکے وکیل قاضی مصباح نے استغاثہ کے گواہ اشتیاق علی کے بیان پر جرح کی، گواہ نے بتایا کہ نیب کی جانب سے طلب کئے جانے پرتفتیشی افسر کو کیس سے متعلقہ تصدیق شدہ دستاویزات فراہم کیں،نیب کے تفتیشی افسر کو جو ریکارڈ دیا وہ بینک کے مینجمنٹ سسٹم سے حاصل کیا گیا۔کیس میں شریک ملزم نیشنل بینک کے صدر سعید احمد کی بریت کی درخواست کے حوالے سے عدالت کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ سعید احمد کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ ہے ، فیصلہ سنادیا جائے گا،بعد ازاں کیس کی سماعت ستائیس جون تک ملتوی کردی گئی ہے، جہاں گواہ اشتیاق علی کے بیان پر وکیل صفائی کی جرح جاری رکھیں گے۔