Live Updates

اگلا وزیراعظم اور وزیر خزانہ کراچی سے ہو سکتے ہیں

مفتاح اسماعیل نے خبر دے دی ، الیکشن سے قبل دعویٰ بھی کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 جون 2018 12:30

اگلا وزیراعظم اور وزیر خزانہ کراچی سے ہو سکتے ہیں
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اگلا وزیراعظم اور وزیر خزانہ کراچی سے ہو سکتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے این اے حلقہ 244 کے اُمیدوار مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اگلا وزیراعظم پاکستان اور وزیر خزانہ کراچی سے ہو سکتے ہیں۔ ہم لوگوں کے وہ کام کرنا چاہتے ہیں جو تاریخ میں کسی نے بھی نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت آئی تو 6 ماہ میں کراچی کا کچرا صاف کر دیں گے اور 50 ارب روپے کی لاگت سے کراچی میں پانی کا بحران بھی ختم کر دیں گے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ کاروباری حضرات کو سہولتیں فراہم کی ہیں، مسلم لیگ ن نے کراچی میں انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ، مسلم لیگ ن کی حکومتوں میں ہی موٹروے اور سڑکیں تعمیر ہوئیں ، ہم کراچی سے کئی نشستیں جیتیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ابھی تک کراچی کی سڑکوں کو بسیں نہیں دیں لیکن شہر میں امن قائم ضرور کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم کراچی سے 18 نشستوں سے الیکشن لڑیں گے اور ساتھ ہی ساتھ انہوں نے کراچی سے چھ ماہ میں کچرا صاف کرنے اور پانی کا بحران ختم کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔ یاد رہے کہ عام انتخابات کے پیش نظر ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

گذشتہ روز یہ خبر بھی سامنے آئی کہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے اور مسلم لیگ ن تحریک انصاف کو راستے سے ہٹانے اور عمران خان کا راستہ روکنے کے لیے پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کر سکتی ہے۔ مفتاح اسماعیل کا بیان کہ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کراچی سے ہوں گے، عین ممکن ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے مابین ہونے والے اتحاد کا عندیہ ہی ہو، البتہ اس حوالے سے دونوں جماعتوں نے ہی فی الوقت چُپ سادھ رکھی ہے اور گر ایسا ہوا تو موقع اور وقت دیکھ کر اس کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات