مستونگ ‘تیرامیل میں سی ٹی ڈی کا آپریشن ‘

4دہشتگرد مارے گئے‘ 7 سکیورٹی اہلکار زخمی دہشتگردوں کے راکٹ حملے میں 4سالہ بچہ جاں بحق ‘خاتون زخمی ‘سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا

بدھ 20 جون 2018 12:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) بلوچستان کے علاقے مستونگ کے قریب تیرامیل میں سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک جبکہ 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے‘ دہشتگردوں کے راکٹ حملے میں 4 سالہ بچہ جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئی‘ زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔ بدھ کو ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دشت کے علاقے تیرامیل میں واقع ایک مکان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے آپریشن کیا۔

دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کے علاقے میں داخل ہوتے ہی چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کر 7 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ بکتر بند گاڑی کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ تاہم سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ میں 4 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے۔

(جاری ہے)

دشتگردوں نے کارروائی کے دوران راکٹ بھی فائر کئے۔ ایک راکٹ قریبی مکان کو جا لگا جس سے ایک 4 سالہ بچہ جاں بحق اور خاتون زخمی ہو گئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر زخمی اہلکاروں اور خاتون کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق تیرامیل آپریشن مکمل کر کے سرچنگ کا عمل شروع کر دیا ۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے 2 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ آئی جی بلوچستان محسن حسن بٹ نے دشت میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے مقام کا دورہ کیا۔ آئی جی کو سی ٹی ڈی حکام نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔ آئی جی نے سی ٹی ڈی کی کارروائی کو سراہا۔