پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر کالاباغ ڈیم کی مخالفت کردی

ہمارے ہوتے ہوئے کالاباغ ڈیم نہیں بن سکتا، خورشید شاہ کا اعلان

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 19 جون 2018 23:51

پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر کالاباغ ڈیم کی مخالفت کردی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-19 جون 2018ء) :پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر کالاباغ ڈیم کی مخالفت کردی۔خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہمارے ہوتے ہوئے کالاباغ ڈیم نہیں بن سکتا۔ ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پانی کا بحران شدید ہونے کا خدشہ ہے۔حالیہ صورتحال میں پاکستان میں پانی کی کمی کا بحران تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے۔ جہاں ایک طرف موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان بے حد متاثر ہوا ہے، وہیں دوسری جانب بھارت نے نئے ڈیم بنا کر پاکستان کے دریاوں کا پانی روک لیا ہے۔

اس تمام صورتحال کے باوجود پاکستان میں بننے والی کوئی بھی حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔ تاہم اس حوالے سے گزشتہ کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے ایک طاقتور مہم شروع کی گئی ۔

(جاری ہے)

اس مہم کے بعد کالاباغ ڈیم کا معاملہ عدالت بھی جا پہنچا ہے اور اس حوالے سے خاصے فکر انگیز مباحثے قومی چینلز پر انعقاد پذیر ہو رہے ہیں جس میں کالاباغ ڈیم کی تعمیر ،ممکنہ تنازعہ اور اسکے حل کے حوالے سے بات کی جا رہی ہے۔

گزشتہ دنوں ملک میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران کے باعث کالا باغ ڈیم کی سب سے بڑی مخالف پیپلز پارٹی نے بھی ہتھیار ڈال دینے کا عندیہ دیا تھا۔نجی ٹی وی پر بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وہاب مرتضیٰ کا کہنا تھا 1991 میں پانی کی تقسیم کا معاہدہ طے پایا تھا اگر ہمیں اس معاہدہ کے تحت سندھ کے حصے کا پانی دے دیا جائے تو ہم کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی حمایت کر سکتے ہیں۔

تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر کالابغ ڈیم کو سیاست کی نذر کرنے کا ٹھان لی ہے۔اس حوالے سابق اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارے ہوتے ہوئے کالاباغ ڈیم نہیں بن سکتا۔منگل کو منعقدہ ایک عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے ایک بار پھر کالاباغ ڈیم بنانے کی مخالفت کردی۔انکا کہنا تھا کہ جب تک ہم ہیں تب تک کالا باغ ڈیم کسی صورت نہیں بن سکتا۔یاد رہے کہ اے این پی اور پاکستان پیپلز پارٹی شروع دن سے ہی کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے مخالف رہی ہے ۔اس حوالے سے پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ کالا باغ ڈیم تعمیر کرنے سے سندھ لا پانی رک جائے گا اور اسے اس کے حصے کا پانی نہیں مل سکے گا۔