سندھ کی ثقافت کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ڈاکٹر جنید علی شاہ

منگل 19 جون 2018 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) نگراںصوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سندھ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، وہ وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد افسراں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سند ھ کی ثقافت کو پوری دنیا میں متعارف کرایا جائے گا تاکہ دنیا کو سندھ کی ثقافت، تہذیب اور سندھ سے ملنے والی نوادرات سے آگاہی حاصل ہو۔

سیکریٹری ثقافت و سیاحت اکبر لغاری نے وزیر ثقافت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں آثارے قدیمہ پر بہت کام کی ضرورت ہے، لیکن فنڈز کی کمی کی وجہ سے بہت سارے منصوبے سست روی کا شکار ہیں۔ صوبائی وزیر ڈاکٹرسید جنید شاہ کو ڈی جی اینٹی کٹویز منظور احمد قناصرو ، ڈی جی کلچر عبدالعلیم لاشاری نے بھی اپنے اپنے ڈائریکٹوریٹس کی کارکردگی کے باری میں تفصیلاًآگاہی دی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جنید علی شاہ نے افسران کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کے اس سلسلے میں مزید محنت اور ایمانداری سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سندھ کے تہذیب، ثقافت اور نوادرات کے تحفظ اور فروغ کے لئے اپنے کلیدی کردار ادا کریں۔وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید جنید شاہ نے محکمے کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر سیکریٹری ثقافت، سیاحت و نوادرات سمیت اعلیٰ افسران اور محکمے کے پی آر او حامد علی خان اور پی ایس مہدی شاہ بھی موجود تھے۔#