کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ملک کا سرمایہ ہیں،ڈاکٹر سید جنید علی شاہ

منگل 19 جون 2018 22:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) نگراں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانانِ سندھ ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں۔ حکومت سندھ ان ہیروز کی مکمل سرپرستی کرے گا۔وہ سندھ جوجِسٹو ایسوسی ایشن کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کررہے تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری اسپورٹس سندھ ڈاکٹر نیاز علی عباسی بھی موجود تھے۔

سندھ جوجِسٹو ایسو سی ایشن کے سیکریٹری جنرل طارق علی نائب صدر محمد علی نے وزیر کھیل و امورِ نوجوانان ڈاکٹرسید جنید علی شاہ کو بتایا کہ سندھ میں جوجِسٹو کے کھیل میں ٹیلنٹ موجود ہے اور حال ہی میں تھائی لینڈ میں ہونے والے اوپن ورلڈ رینکنگ 2018 میں دلاور خان نے منان نے 2 سلور اور ایک برونز میڈل ، محمد علی رشید نے 2 سلور میڈل اور فاطمہ عمران نے برونز میڈل حاصل کیا، جس پر وزیر کھیل نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور مزید محنت کی تلقین کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ محکمہء کھیل حکومت سندھ ایسے تمام کھلاڑیوں کو جدید سہولیات مہیا کریں گی تاکہ یہ کھلاڑی اپنے کھیل میں مزید بہتری اور نکھار پیدا کر سکیں۔ وزیر کھیل نے کہا کہ سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈاکٹر نیاز علی عباسی سندھ بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لئے جو محنت کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے کہا کہ جو جِسٹو کھیل سمیت تمام کھیلوں کی بھرپور سرپرستی کی جائے گی۔ اس موقع پر ایس او اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز مرزا مشتاق بیگ، پی ایس سراج الاسلام، پی آر اووزیر کھیل و یوتھ افیئز حامد علی خان، پی ایس سید مہدی شاہ اور اسٹاف افسر غلام یاسین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔#