حافظ نعیم الرحمن نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا

مختلف مساجد میں نمازیوں ، اہلِ محلہ و معززین علاقہ سے ملاقاتیں کیں اور اہم پبلک مقامات پر عام شہریوں اور نوجوانوں سے رابطہ کیا

منگل 19 جون 2018 22:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی و متحدہ مجلس عمل کراچی کے صدر حافظ نعیم الرحمن نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 250اور پی ایس 129میں با قاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے مختلف مساجد میں نمازیوں ، اہلِ محلہ و معززین علاقہ سے ملاقاتیں کیں اور اہم پبلک مقامات پر عام شہریوں اور نوجوانوں سے رابطہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمن نے گزشتہ روز نمازِ عصر مسجد طیبہ نارتھ ناظم آباد بلاک D، نمازِ مغرب مدنی جامع مسجد بلاکi اور نمازِ عشاء جامع مسجد فاروق اعظم بلاک Kمیں ادا کی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد وہ کافی دیر تک مساجد میں موجود رہے اور نمازیوں سے موجودہ حالات اور علاقے کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور ان سے اپیل کی وہ عام انتخابات میں 25جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگا کر متحدہ مجلس عمل کو کامیاب بنائیں۔

(جاری ہے)

نارتھ ناظم آباد کے مکینوں نے حافظ نعیم الرحمن کی آمد اور مجلس عمل کے امیدوار نامزد ہونے کا بھر پور خیر مقدم کیا اور یقین دہانی کرائی کی ووٹ مجلس عمل کو دیا جائے گا۔ علاقہ مکینوں نے ماضی میں وہاں سے ووٹ لے کر جیتنے والے نمائندوں کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی پر انتہائی نا پسندیدگی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ اب وہ ان عناصر کو مسترد کر دیں گے اور شہر کو تباہ و برباد کر نے والوں کو دوبارہ ہر گز ووٹ نہیں دیں گے۔

قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن نے این اے 250کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اہم پبلک مقامات پر علاقہ مکینوں ، نوجوانوں ، دوکانداروں اور دیگر افراد سے ملاقاتیں کیں اور مجلس عمل کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے علاقے میں بجلی ، پانی اور سیوریج سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی گزشتہ کئی سالوں سے عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدو جہد کر رہی ہے۔

کے الیکٹرک ، نادرا اور واٹر بورڈ کے خلاف ہم نے بھر پور تحریک چلائی ہے۔ جماعت اسلامی مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔مجلس عمل نے 2002ء کے انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کی تھی اور عوام کی بھر پور ترجمانی کی تھی اور آئندہ بھی عوام کی امیدوں اور اعتماد پر پورا اترے گی۔ مجلس عمل کی اہل اور دیانت دار قیادت ہی عوام کو مسائل سے نجات دلا سکتی ہے۔#