پی ایس 10 رتودیرو سے فریال تالپور کے کاغذات نامزدگی بحال ہوگئے

منگل 19 جون 2018 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) پی ایس 10 رتودیرو سے فریال تالپور کے کاغذات نامزدگی بحال ہوگئے۔ واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور پر درخواست گذار قادر بخش بھٹی نے الزام عائد کیا تھا کہ فریال تالپور نے اپنے ذاتی ملازم غلام عباس زرداری کے نام پر دبئی میں تین فلیٹس لے کر اٹارنی پاور اپنے نام رکھی ہوئی ہے جبکہ وہ دبئی میں اپنی بیٹی عائشہ کے نام پر آف شور کمپنی کی ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر کے علاوہ اقامہ ہولڈر بھی ہیں اور یہ سب انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی فارم میں ظاہر نہیں کیا لہذا وہ صادق اور امین نہیں ہیں انہیں نا اہل قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور پی ایس دس پر فریال تالپور کے مد مقابل درخواست گزار آزاد امیدوار قادر بخش بھٹی اپنے وکیل غلام دستگیر شاہانی کے ہمراہ رڑرننگ افسر رتودیرو محمد علی رک کے سامنے پیش ہوئے۔ ریٹرننگ افسر رتودیرو نے بحث مباحثے کے بعد فریال تالپور پر لگائے گئے الزامات کو رد کرتے ہوئے فریال تالپور کے کاغذات نامزدگی بحال کردیئے۔ دوسری جانب فریال تالپور کے فارم بحال ہونے کی خوشی میں جیالوں نے نثار کھوڑو کی موجودگی میں جشن منایا اور وزیراعظم بلاول بھٹو کے فلک شگاف نعرے لگائے۔