سندھ پولیس میں اعلی سطحی تبادلے و تقرریوں کے لیئے مشاورت آخری مراحل میں داخل ہوگئی

پہلے مرحلے میں کراچی سمیت سندھ بھر کے 26 ایس ایس پیز کو تبدیل کیا جائیگا ،نگران وزیر اعلیٰ، چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ نے دو دن تک مشاورت کی

منگل 19 جون 2018 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) سندھ پولیس میں اعلی سطحی تبادلے و تقرریوں کے لیئے مشاورت آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔ آئی جی سندھ امجد سلیمی کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کو سندھ بھر میں افسران کے تقرری و تبادلوں کے لیئے تحریری دراخواست بھیج دی گئی۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں کراچی سمیت سندھ بھر کے 26 ایس ایس پیز کو تبدیل کیا جائیگا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیر اعلی، چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ نے دو دن تک مشاورت کی ۔ سندھ بھر میں ہونے والے تبادلوں اور تقرریوں میں سابق حکومت اور سندھ کے بااثر اشخاص کو دور رکھا گیا ہے۔ میرٹ پر پورا اترنے والے، اچھا کام کرنے والے اور سیاسی اثررسوخ سے دور رہنے والے امیدواروں پر قسمت کی دیوی مہربان ہونے والی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سندھ پولیس میں اعلی سطحی تبادلوں میں مقتدر حلقوں سے بھی مشاورت کی گئی ہے ۔

عام انتخابات شفاف بنانے کے لیئے ایماندار، اہل اور دبنگ افسران کو خصوصی ٹاسک دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر جن افسران کے نام گردش کرتے رہے ہیں وہ افواہ کے سوا کچھ نہیں ۔ سابق آئی جیز حیدر جمالی اور اے ڈی خواجہ کے دور میں پوسٹنگز سے ’’سیاسی پرچی‘‘نہ ہونے کے باعث محروم رہنے والے افسران کو اہم اضلاع میں تعینات کیا جائیگا ۔ ذرائع کے مطابق نئے آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری نے سندھ پولیس کے اعلی افسران کو بھی امیدواروں کی فہرست سے لاعلم رکھا ہے۔ نوٹیفکیشن آئندہ 72 گھنٹوں میں جاری کیا جائیگا۔