صحت عامہ اور عوام کی سیفٹی کو یقینی بنانے کے لئے نگرانی اور جعلی و نقلی ادویات کی نشاندہی بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے، اسی لئے اس سلسلے میںمتعدد اقدامات کئے گئے ہیں

ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو افسرڈاکٹر شیخ اختر حسین کا ماسٹر ٹرینرز کی ٹریننگ کے شرکاء سے خیر مقدمی خطاب

منگل 19 جون 2018 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے چیف ایگزیکٹو افسر نے کہا ہے کہ صحت عامہ اور عوام کی سیفٹی کو یقینی بنانے کے لئے نگرانی اور جعلی و نقلی ادویات کی نشاندہی بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے اسی لئے اس ضمن میںمتعدد اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بات منگل کو پوسٹ مارکیٹنگ سرویلنس اور غیر معیاری اور نقلی ادویات کی رپورٹنگ بارے ماسٹر ٹرینرز کی ٹریننگ کے شرکاء سے خیر مقدمی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے ٹریننگ میں موجود عالمی ادارہ صحت، یونائیٹڈ سٹیٹس فارما کوپیا کے نمائندوں اور ڈریپ کے ریگولیٹرز کو بتایا کہ عوام کے استعمال کے لئے ادویات کو موثر ، معیاری اور سیفٹی یقینی بنانے کے لئے گزشتہ چند ماہ میں متعدد قدامات کئے گئے اور متعدد قواعد و ضوابط بھی بنائے گئے تا کہ ادویات کا استعمال محفوظ بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریگولیٹرز پر زور دیا کہ وہ صحت عامہ کے نگہبان کے طور پر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

انہوں نے ٹریننگ کے شرکاء ماسٹر ٹرینرز اور ریگولیٹرز پر زور دیا کہ وہ عالمی ادارہ صحت اور امریکی فارما کوپیا کے ساتھ اشتراک کار میں اضافہ کریں تا کہ نیشنل ہیومن ریسورسز کی استعداد سازی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈریپ ناقص اور غیر معیاری ادویات اور مصنوعات کا پتہ چلانے کے لئے اپنے مشن پر پوری طرح عمل پیرا ہے اور ادویات تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ الٹر نیٹو ادویات ،صحت اور اوئی سی مصنوعات اور طبی آلات کی ریگولیٹری کر رہا ہے اور اس سلسلہ میں مخلف کمیٹیاں یک جا ہو کر مربوط طریقے سے کام کر رہی ہیں اسی طرح اس ضمن میں بین الصوبائی رابطہ کمیٹی بھی مکمل ہم آہنگی سے کام کر رہی ہے تا کہ جعلی اور نقلی ادویات کی لعنت کا خاتمہ کیا جا سکے ۔

قبل ازیں مہمان خصوصی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر شیخ اختر حسین نی5روزہ تربیتی ورکشاپ کا لاہور کے مقامی ہوٹل میں افتتاح کیا ۔ جس میں ادویات کے بین الا قوامی ماہرین بھی شرکت کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر کوالٹی ایشورینس لیب ٹیسٹنگ ڈویژن کی ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حفصہ کرم الٰہی نے شرکاء کو گھٹیا، جعلی اور نقلی ادویات کی صورت حال بارے جائزہ پیش کیا۔