موجودہ حالات میںصوبے میں پرامن ماحول میں شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کاانعقاد اولین ترجیح ہے ‘سید کلیم امام

قانون کے پابند شریف شہریوں کے ساتھ بدکلامی یا بدسلوکی کرنے والے افسران و اہلکاروں کی موجودہ سیٹ اپ میں کوئی گنجائش نہیں افسران عوام کے ساتھ حسن سلوک کو اپنا شعار بنائیں ،سخت گیر رویہ اور طاقت کا استعمال صرف قانون شکنوں اور جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کیلئے ہونا چاہئیے ‘آئی جی پنجاب

منگل 19 جون 2018 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سید کلیم امام نے کہا ہے کہ قسمت بھی محنتی لوگوں کا ساتھ دیتی ہے اور محنتی ، قابل اور ایماندار افسران محکمے کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ،کسی بھی ادارے یا ٹیم کی کامیابی کا راز مشترکہ کوشش یعنی ٹیم ورک میں پوشیدہ ہے لہذا تمام افسران باہمی تعاون سے منظم پروفیشنل ٹیم کے طور پرکام کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بروقت اور موثر اقدامات کو یقینی بنائیں ،موجودہ حالات میںصوبے میں پرامن ماحول میں شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کاانعقاد میری اولین ترجیح ہے جس کیلئے ہم سب کو قومی جذبے سے سرشار ہو کر کام کرنا ہوگا ،قانون کے پابند شریف شہریوں کے ساتھ بدکلامی یا بدسلوکی کرنے والے افسران و اہلکاروں کی موجودہ سیٹ اپ میں کوئی گنجائش نہیں ، افسران عوام کے ساتھ حسن سلوک کو اپنا شعار بنائیں جبکہ سخت گیر رویہ اور طاقت کا استعمال صرف قانون شکنوں اور جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کیلئے ہونا چاہئیے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سنٹرل پولیس آفس میں سینئر پولیس افسران سے پہلی ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میںا یڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یٰسین ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان ، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر،ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن ابو بکر خدا بخش، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کنور شاہ رخ، ڈی آئی جی آئی ٹی شارق کمال صدیقی ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ I- سید خرم علی شاہ ، ڈی آئی جی ٹریننگ سہیل سکھیرا ، ڈی آئی جی احمد اسحاق جہانگیر، ڈی آئی جی منیر مارتھ ، ڈی آئی جی وقاص نذیرسمیت دیگر اعلی افسران موجود تھے ۔

آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مقدمات کے اندراج کی مانیٹرنگ پر بطور خاص توجہ دی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ قابل دست اندازی جرائم کی ایف آئی آرز کے اندراج میں تاخیر کے مرتکب افسران واہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی میں کوئی تاخیر نہ برتی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ میں توقع کرتاہوں کہ تمام افسران عوام کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور محنت ، دلجمعی اور فرض شناسی سے ادا کریںگے انہوںنے تاکید کی کہ مقدمات کی تفتیش کے عمل میں تاخیر یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اورتفتیش میں دانستہ تاخیر اور غلط تفتیش کے مرتکب افسران خود کو کسی رعائت کا مستحق نہ سمجھیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے پولیس نظام میں جہاں بہتری کی گنجائش ہے اس پر بلا تاخیر عمل در آمد کیا جائے۔ انہوںنے مزید کہا کہ بحیثیت پولیس کمانڈر افسران کی راہنمائی اور سپورٹ کیلئے میں ہمہ وقت میسر ہوں اور تمام افسران عوام کے ساتھ ساتھ اپنے سٹاف کے ساتھ بھی نرم رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کے مورال کو بلند کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ افسران و جوان نئے جوش اور ولولے کے ساتھ فیلڈ میں بہتر سے بہتر کارکردگی دکھا سکیں ۔