مخالف قوتیں انتخابات سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، نئے اور پرانے لاڈلے کی صفوں میں انتشار پیدا ہو چکا ‘سینیٹر مولا بخش چانڈیو

(ن) لیگ پہلا انتخاب کسی سہارے کے بنا لڑ رہی ہے جس کی وجہ سے بے چین ہے‘سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی کی گفتگو

منگل 19 جون 2018 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مخالف قوتیں انتخابات سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، نئے اور پرانے لاڈلے کی صفوں میں انتشار پیدا ہو چکا ہے، مفادات کی وجہ سے متحد ہوئے موقعہ پرست تتربتر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ (ن) لیگ پہلا انتخاب کسی سہارے کے بنا لڑ رہی ہے اور بے چین ہے، (ن) لیگ کے اندر انتشار اور ٹوٹ پھوٹ عروج پر ہے، جن کا سہارا نظر آ رہا ہے وہ اتنے گھمنڈ میں آ گئے ہیں ان کا کوئی اصول نہیں رہا۔

سارے بے اصولوں اور لوٹوں کی دوڑ انہی سہارے والوں کی طرف ہے، (ن) لیگ انتخابات سے قبل ہی شکست تسلیم کر چکی ہے، سابق وزیراعظم کا بیان کہ ملک مضبوط ہاتھوں سے کمزور ہاتھوں میں چلا کیا شکست کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی پی پی واحد جماعت ہے جس نے انتخابات کا پہلا مرحلا بردباری سے طے کیا ہے، سندھ میں بھی پیپلز پارٹی نے ٹکٹ تسلیم کرنے کا عمل خوش اصلوبی سے طے کیا ہے، پی پی پی آصف زرداری اور چیئرمن بلاول کی قیادت میں بھرپور انداز میں انتخابات لڑے گی، چیئرمن بلاول اعلی سیاسی اخلاقیات اور عوامی منشور لے کر قوم کے سامنے آ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین کے پاس الزامات اور گالم گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں ہے، پی پی پی کے پاس قربانیوں سے بھرا ماضی اور روشن مستقبل کا منشور ہے۔