گلگت بلتستان کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت نے ڈیڑھ سو ارب کے میگا منصوبے دیئے ، ان پر کام جاری ہے ،پرائیویٹ سیکٹر کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، سیاحوں کی بڑی تعداد کی جانب سے رخ کرنے سے ہوٹل انڈسٹری کو فروغ ملا ، پرائیویٹ سیکٹر کے فروغ کیلئے گلگت بلتستان آرڈر2018میں پانچ سال کیلئے ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور کامران لاشاری سے گفتگو

منگل 19 جون 2018 20:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میںانفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت نے تقریباً ڈیڑھ سو ارب کے میگا منصوبے دیئے ہیں جن پر کام جاری ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان کا رخ کرنے سے ہوٹل انڈسٹری کو فروغ ملا ہے۔

پرائیویٹ سیکٹر کے فروغ کیلئے گلگت بلتستان آرڈر2018میں پانچ سال کیلئے ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے اور ہوٹل انڈسٹری سے منسلک اشیاء کی برآمدگی کیلئے بھی ٹیکس میں خصوصی چھوٹ دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت ونٹر ٹورزم کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

پاور سیکٹر پر خصوصی توجہ دیا جارہاہے تاکہ سردیوں میں بجلی کے بحران کا خاتمہ کیا جاسکے۔

متبادل توانائی کیلئے ایل پی جی ایئر مکس منصوبے کا آغاز گلگت سے کیا جارہاہے جسے بتدریج دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے گی اس منصوبے سے جنگلات کی کٹائو کے روک تھا م میں مدد ملے گی۔ گلگت بلتستان میں ٹریفک حادثات کی شرح دیگر صوبوں سے کم ہے جس پر مزید قابو پانے کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جارہاہے اور گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کا صوبے میں داخلے سے قبل لائف انشورنس یقینی کے حوالے سے پالیسی زیر غور ہے۔

گلگت بلتستان میں بہت جلد تھری جی اور فور جی کا مسئلہ حل ہوگا جس سے گلگت بلتستان کے عوام اور سیاحوں کو جدید انٹرنیٹ کی سہولت میسر آئے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ڈپلومیسی ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور غیرملکی ترسیلات زر (foreign remittance) میں اضافے کیلئے بین الاقوامی سیاح لازمی ہے۔

مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت نے بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ویزا آن ایرائیول کی پالیسی بحال کی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور بین الاقوامی سیاحت کو بھرپور فروغ ملی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کی شاہراہ قراقرم سے ملحقہ آبادی کے علاقوں میں سروس روڈ کی تعمیر کے حوالے سے این ایچ سے بات چیت جاری ہے۔

سیاحتی مقامات پر بغیر منصوبہ بندی کے تعمیرات کی روک تھام کے حوالے سے بھی صوبائی حکومت اقدامات کررہی ہے تاکہ سیاحتی مقامات کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ ہنزہ میں زیر تعمیر پاور پروجیکٹس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے آئندہ سال سے ہنزہ میں جاری لوڈشیڈنگ میں بڑی حد تک بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور کامران لاشاری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ ماضی میں گلگت بلتستان میں سب سے بڑا مسئلہ امن وامان کے حوالے سے درپیش تھا مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے۔ نیشنل ایکشن پلان کا سب سے زیادہ فائدہ گلگت بلتستان کو ہوا۔ مسلم لیگ ن کے قائد محمدنواز شریف گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور وسائل فراہم کئے ۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گزشتہ تین سالوں میں گلگت بلتستان میں مثالی امن وا مان قائم ہواہے دہشتگردی کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان آرہی ہے۔ ہوٹل انڈسٹری اور معیشت کو فروغ مل رہاہے۔ گلگت میں جی ڈی اے کے تحت فیملی پارک، خواتین کیلئے علیحدہ پارک، یادگار شہداء، بسین زیرو پوائنٹ میں پارک کے قیام، دنیور ملحق پل پر اپنی نوعیت کا پہلا گیلری اور پکنک سپورٹ کا قیام ، بسین کھاری میں فیملی پارک کے قیام، اوپن ایئر تھیٹر کا قیام، کارگاہ بدھا میں سیاحوں کیلئے پارک کا قیام، باب گلگت کی تزائن و آرائش، گلگت کیلئے سیوریج ٹریمنٹ پلانٹ اور عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پانی کے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

صوبے میں صفائی یقینی بنانے کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ سی پیک کے حوالے سے گلگت چترال چکدرا سوات ایکسپریس وے کا منصوبہ منظور ہوچکا ہے جس پر بہت جلد کام شروع ہوگا۔ نلتر سیاحوں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل علاقہ ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے گلگت نلتر ایکسپریس وے منصوبے کیلئے 3ارب کی منظوری دی تھی اس منصوبے کا ٹینڈر ہوا ۔

اس منصوبے کی تکمیل کو بروقت یقینی بنایا جائے گا۔ نلتر کا ماسٹر پلان ایئر فورس کے تعاون سے تیار کیا جارہاہے گلگت سکردو روڈ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کو مدنظررکھتے ہوئے مسلم لیگ ن کی حکومت نے 40ارب کے منصوبے کی منظوری دی جس پر کام جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گلگت سکردو روڈ کی تعمیر کے بعد گلگت سکردو کا سفر دو سے ڈھائی گھنٹے تک محدود ہوگا جس سے سیاحوں اور سکردو کے عوام کو بہتر نقل و حمل کی سہولت میسر آئے گی۔

اس موقع پر جی ڈی اے کی جانب سے گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی اورتزائن و آرائش کے حوالے سے جاری منصوبوں پر ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور کامران لاشاری کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور کامران لاشاری نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت صوبے کی تعمیر و ترقی اور سیاحوں کی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے جو انتہائی قابل تحسین ہے۔

گلگت بلتستان کے قدرتی حسن کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حکومت گلگت بلتستان نے مثبت پالیسی بنائی ہے جس سے مستقبل میں مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان آئے گی۔ گلگت بلتستان کا قدرتی حسن محفوظ ہوگا۔ گلگت بلتستان پوری دنیا میں سیاحت کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ حکومت گلگت بلتستان کیساتھ گلگت بلتستان کے حسن کی تحفظ اور سیاحتی مقامات کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔