گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام اور حکومتی رٹ کی بحالی کے حوالے سے رینجرز کا کردار قابل تحسین ہے ، پاکستان آرمی، رینجرز اور پولیس کا کردار قیام امن میں نمایاں رہاہے ،نیشنل ایکشن پلان کا سب سے زیادہ فائدہ گلگت بلتستان کو ہوا ہے ایپکس کمیٹی کے تحت سیاسی اور عسکری قیادت نے ایک پلیٹ فارم پر بیٹھ کر امن وامان کے حوالے سے فیصلے کئے ، ان پر عملدرآمد کی وجہ سے گلگت بلتستان میں امن و امان قائم ہے

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات سے گفتگو

منگل 19 جون 2018 20:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام اور حکومتی رٹ کی بحالی کے حوالے سے رینجرز کا کردار قابل تحسین رہاہے ، پاکستان آرمی، رینجرز اور پولیس کا کردار قیام امن میں نمایاں رہاہے جس پر یہ ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کا سب سے زیادہ فائدہ گلگت بلتستان کو ہوا ہے۔

نیشنل ایکشن پلان سے قبل عسکری اورسیاسی قیادت کے ایک پلیٹ فارم پر بیٹھنے اور مختلف امور کے حوالے سے فیصلے کرنے کا کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا۔ نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے ایپکس کمیٹی قائم ہوئی جس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے ایک پلیٹ فارم پر بیٹھ کر امن وامان کے حوالے سے فیصلہ کئے اور ان فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جس کی وجہ سے گلگت بلتستان میں امن و امان قائم ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا ظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ صوبائی حکومت نے پولیس کی ٹریننگ پاک آرمی کے زیر تربیت کروائی جس سے پولیس کی استعداد کارمیں اضافہ ہوا ہے۔ پولیس فورس کو مثالی فورس بنانے کیلئے جدید آلات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

پولیس فورس میں میرٹ پر بھرتیاں کی گئی ہیں۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں بھرتیاں پاک فوج کی نگرانی میں کی گئی ہے تاکہ میرٹ کی بالادستی یقینی ہو۔ جرائم پر قابو پانے کیلئے گلگت میں سیف سٹی پروجیکٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شہر کے تمام مقامات کی نگرانی کی جارہی ہے۔

پولیس کی آٹومیشن کے حوالے سے بھی کام جاری ہے تاکہ جرائم پر مکمل طور پرقابو پایا جاسکے۔ گلگت بلتستان میں رینجرز کا کردار غیر متنازعہ اور شاندار رہاہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ صوبے میں روایتی طریقہ کار کے بجائے جدید سیکورٹی کا نظام متعارف کرارہے ہیں تاکہ جرائم کی بروقت روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے۔

سی سی ٹی وی کیمروں کی بتدریج وسعت دی جارہی ہے تاکہ ان ویزیبل سیکورٹی کے ذریعے سے شہر کی نگرانی اور جرائم کے خاتمے کو ممکن بنایا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ امن وامان کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں جس سے معیشت میں بہتری آئی ہے ہوٹل انڈسٹری کو فروغ ملا ہے شہر کی رونقیں بحال ہوئی ہیں اور سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان آرہی ہے۔ سی پیک کی وجہ سے ہمارا اذلی دشمن بھارت سازشوں میں مصروف ہے جو گلگت بلتستان کی ترقی کا ہمیشہ سے مخالف رہا ہے ہم سب نے مل کر ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے اور ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔