ظفر وال ، چاندرات کو غلطی سے سرحد پارکرنے والے دو پاکستانی نوجوان پاکستان رینجرز کے حوالے، والدین کا اظہار تشکر

منگل 19 جون 2018 19:30

ظفر وال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) پاکستان رینجرزکی کوششوں سے بھارتی سرحدی فورس نے تحصیل ظفروال کے سرحدی گائوں چمانہ کلاں کے چاند رات کو غلطی سے سرحد پار کرنے والے دو نوجوانوں کو رہا کرتے ہوئے رینجرز کے حوالے کردیا ، والدین نے بچوں کی رہائی پر پاکستان رینجرز کا شکریہ ادا کیا اور شکرانے کے نوافل ادا کئے ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز تحصیل ظفروال کے سرحدی گائوں چمانہ کلاں کے رہائشی دو نوجوان چاند رات کو سیر کرتے کرتے اچانک بھارتی علاقے میں چلے گے جنہیں بی ایس ایف والوں نے گرفتار کر لیا اور ان کو اپنے ساتھ لے گئے ۔

جب رات بھر دونوں نوجوان واپس نہ آئے توگھر والوں نے ان کی تلا ش شروع کر دی اور اگلے دن پاک رینجر کے ذریعے ان کو پتہ چلا کہ ان کے بچے بھارتی فو ج کے زیر حراست ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ خبر کا ملنا تھا کہ ان نوجوانوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا اور والدین شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ۔ بی ایس ایف اور پاکستان رینجر ز کے اعلیٰ احکام نے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا اور اس بات پر اطمینان کیا کہ یہ نوجوان غلطی سے سرحدپار کر گئے ہیں ۔ لہذا ان کو انسانی ہمدردی کے تحت چھوڑ دیا گیا اور پاک رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ۔ جس وقت یہ خبر گمشدہ نوجوانوں کے گھر میں پہنچی تو والدین اور اہلِ علاقہ کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا۔ والدین نے شکرانے کے نوافل اد اکیے ۔ اور پاکستان رینجرز کے حق میں نعرے بازی کی ۔

متعلقہ عنوان :