نگران وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

ناصرالملک کے نا م پر پاکستان میں 14 ، اہلیہ کے نام سنگاپور اور لندن میں جائیدادیں ، حسن عسکری کے اثا ثو ں میں 70لا کھ روپے ما لیت کا گھر ،ایک کروڑ کا بینک بیلنس سا منے آگیا، 2 کروڑ روپے کے اثاثوں کے بھی مالک ہیں،الیکشن کمیشن

منگل 19 جون 2018 19:30

نگران وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے اثاثوں کی تفصیلات جاری
اسلام آباد:(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم جسٹس(ر)ناصر الملک اور نگران وزیراعلی پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔منگل کو جا ری کی جا نے والی ر پو رٹ کے مطابق نگران وزیراعظم ناصرالملک کے نا م پر پاکستان میں 14 جائیدا دیں ہیں، ان کی سوات میں 8 مختلف اراضی گفٹ ظاہر کی گئیں جب کہ پشاور میں اراضی بھی والد کی طرف سے گفٹ ظاہر کی گئی ہے۔

نگران وزیراعظم کی اہلیہ کے نام سنگاپور اور لندن میں جائیدادیں ہیں، ان کی اہلیہ کی لندن میں جائیداد کی مالیت 272،850 پانڈ ہے جب کہ ناصرالملک کے اثاثوں میں 31 لاکھ روپے کے زیورات اور 65 لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر بھی شامل ہے۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم کی 4 مختلف بینکوں میں 10 کروڑ25 لاکھ سے زائد کی رقم موجود ہے، جسٹس (ر)ناصر الملک کی پراپرٹی پر 380،363 ڈالر کا مورگیج موجود ہے، ان کی ہونڈا سوک 2012 ماڈل کی کارکی مالیت 10 لاکھ روپے ہے جب کہ ٹویوٹا 2012 ماڈل کی مالیت 48 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نگران وزیراعلی پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں میں 70 لاکھ مالیت کا گھر شامل ہے، اس کے علاوہ حسن عسکری کے پاس 9 لاکھ 30 ہزار روپے کیش اور پرائز بانڈز ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق حسن عسکری کے پاس ایک کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے اور وہ 2 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔علاوہ ازیں ذرائع کاکہناہے کہ نگران حکومت کے دیگر وزرائے اعلی اور وزرا نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل نہیں کیا، ناصرالملک، شمشاداختر، اعظم خان، دوست محمد اور حسن عسکری کے علاوہ کسی نے تفصیلات نہیں دیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن نے نگران وزرائے اعلی اور کابینہ کو یاد دہانی کا خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور خط میں فوری طور پر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانیکا کہا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حلف اٹھانے کے 3 روز کے اندر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا لازمی ہوتا ہے۔