شاردہ میں آتشزدگی کے نقصانات کے معاوضہ جات کو جلد ادا کیا جائے گا ،ْراجہ محمد فاروق حیدر

تحریک آزاد ی کشمیر میں نیلم ویلی کے عوام کا بڑا کارنامہ ہے ،ْلائن آف کنٹرول پر بسنے والے تحریک آزادی کشمیر ،تحریک تکمیل پاکستان کے محافظ ہیں ،ْہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے ،ْوزیر اعظم آزادکشمیر

منگل 19 جون 2018 18:50

شاردہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ شاردہ میں آتشزدگی کے نقصانات کے معاوضہ جات کو جلد ادا کیا جائے گا تاجروں کو پختہ دکانوں کی تعمیر کے لئے میٹریل فراہم کیا جائے گا۔ شاردہ سیاحتی مقام ہے سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اخوت این جی او کے تحت بلاسود قرضے دے رہی ہے ۔

لوگ ان قرضہ جات کو کاروبار کے لئے استعمال کریں۔ شاردہ میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے اسامی کو بحال کیا جا رہا ہے ۔ نیلم کو دو حلقوں میں تقسیم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے جلد اس پر بھی عملدرآمد ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بالائی نیلم کے تحصیل ہیڈکواٹر شاردہ میں آتشزدگی سے متاثرہ بازارکے معائنہ اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وادی نیلم میں1122 کا قیام اور بڑے تجارتی مراکز میں فائربرگیڈ کی گاڑیاں مہیا کی جائیں گی ۔نیلم کے ہسپتالوں میں ایمولینس اور ادویات کی کمی کو پورا کیا جائے گا ،شاردہ میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال قائم کیا جائے گا سر سبز جنگلات کے کٹائو پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے عوام کو متبادل کے طور پر گیس اور بجلی پرسبسڈی دی جائے گی۔

شاردہ میں گریٹر واٹر سپلائی سکیم کا منصوبہ فوری شروع کیا جائے گا، سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کے بیرون ممالک دورے سے واپس آنے پر آٹھمقام تائوبٹ توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے عوامی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے بجلی کے بوگس بلات اور محکمہ جنگلات کے جعلی کیسز کو فوری ختم کر نے کی ہدایت کی۔نیلم میں روڈ انفرا اسٹریکچر کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا،سیاحت کے فروغ کے لیئے تیزی سے اقدامات کیئے جارہے ہیں۔

نیلم میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کیا جارہا ہے گائناکالوجسٹ کی فوری فراہمی کویقینی بنایا جائے گا ۔ وزیر اعظم فاروق حیدرنے کہا کہ آئینی ترامیم سے کشمیر کونسل کے اختیارات حکومت آزادکشمیر کو منتقل ہونے سے ریاست کے عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں مالیاتی اختیار کی بدولت ریاست کی تعمیرترقی کا عمل مزید تیز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے وعدوں پر عمل درآمد شروع کردیا ہے شفاف پبلک سروس کمیشن،این ٹی ایس،آئینی ترامیم ، وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر کے تحت سکیموں کا شفافانہ خرچ، ورکچارج ملازمین کی مستقلی،محکمہ صحت عامہ کی لیڈیز ہیلتھ ورکرز کو مستقل کردیا گیا ہے ۔

تحریک آزاد ی کشمیر میں نیلم ویلی کے عوام کا بڑا کارنامہ ہے لائن آف کنٹرول پر بسنے والے تحریک آزادی کشمیر ،تحریک تکمیل پاکستان کے محافظ ہیں۔ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔