ماہر تعلیم سید خالد شاہ کی تعلیمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،شرف الزماں

منگل 19 جون 2018 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن پسما کے چیئر مین شرف الزماں کی زیر صدارت ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں کراچی سمیت سندھ کے نجی تعلیمی اداروں کے سربراہوں ،منتظمین اور اساتذہ کے علاوہ پرائیویٹ انسٹیٹیوشن آف سکھر کے صدر بشیر احمد چنا اور سید حسین شہید اور دیگر نے بڑی تعداد میں شر کت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرف الزماں نے کہا کہ ماہر تعلیم سید خالد شاہ کی تعلیمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کیونکہ خالد شاہ نے ہمیشہ تعلیم کو عام کرنے اور معیار تعلیم کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور نجی تعلیمی اداروں کے مسائل حل کرنے پر بھر پور توجہ دی ہے شرف الزماں نے کہا کہ جو علم کی روشنی کو پھیلانے کے کام میں اپنی زندگی وقف کر دیتے ہیں وہ تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں خالد شاہ علم کی روشنی کا مینار تھے جس سے جہالت کے اندھیرے دور ہو رہے تھے انہوں نے کہاکہ خالد شاہ انتہائی ملنسار خوش اخلاق نیک دل انسان تھے جو ہمیشہ ہم سب کے دلوں میں رہیں گے اجلاس کے اختتام پر شرف الزماں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم سید خالد شاہ کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے اور المناک حادثے میں زخمی ہونے والے ان کے اہل خانہ کو جلد صحتیاب کرے