اشرف صحرائی کی عید کے موقع پر کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت

مشترکہ حریت قیاد ت کی اپیل شہیدنوجوانوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی

منگل 19 جون 2018 18:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تحریک حریت جموںو کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے عید کے موقع پر بھارتی فورسز کے ہاتھوںنہتے کشمیری نوجوان وقاص احمد راتھر اور شیراز احمد کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ بھارتی فوجیوںنے عید کے دن بھی نہتے اور معصوم نوجوانوںکو خون میں نہلایا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عید کی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کرنا سامراجی ہتھکنڈوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہادجنگ بندی کے باوجود جموںو کشمیر میںرمضان المبارک کے دوران بھی نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری رہا ، جنوبی اور شمالی کشمیر کے شہروگام میںکشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

اشرف صحرائی نے کہاکہ عید کے دن بھی نوپورہ میں بھارتی فورسز نے ایک آزادی پسند کشمیری کے گھر کی توڑ پھوڑ کی جس کے خلاف لوگوںنے جب احتجاج کیا تو فورسز نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر کے تیرہ سالہ وقاص احمد کو شہید کردیا۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز نے ایک اور کشمیری نوجوانشیراز احمدکو بھی براہ راست گولیوں کا نشانہ بناکر شہید کیا۔ تحریک حریت کے چیئرمین کی ہدایت پر پارٹی رہنمائوں بشیر احمد قریشی، غلام محمد ہرہ اور اشفاق احمد پر مشتمل ایک وفد نے نوپورہ پلوامہ اور براگپورہ اسلام آباد جاکر شہید وقاص اور شیراز کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ۔ انہوںنے شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو بدترین ظلم وبربریت کا سامنا ہے ۔

دریں اثنا ء کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فارو ق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت کے پروگرام کے مطابق تحریک حریت کے لیڈر عمر عادل ڈار نے شہید وقاص اور شہید شیراز احمد کی حیدرپورہ میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی اور تمام کشمیری شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔ ان کے ہمراہ نثار احمد، سجاد احمد اور محمد عمر بھی تھے۔جامع مسجد سرینگر اورمائسمہ میں بھی شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔