نگران صوبائی وزیر قانون ضیاء حیدر رضوی کا لاہور ہائی کوٹ کا دورہ

عدلیہ ریاست کا اہم ستون اور ملک میں قانون کی بالادستی کی ذمہ دار ہے ،ہمیں اپنا کردار بہت محتاط رہ کر ادا کرنا ہے‘ضیاء حیدر رضوی

منگل 19 جون 2018 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) نگران وزیر برائے قانون، خزانہ و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ضیاء حیدر رضوی نے لاہور ہائی کوٹ کا دورہ کیا جہاں اُنھوں نے چیف جسٹس لا ہو ر ہا ئیکو ر ٹ سید یاور علی سے ملاقات کی ۔ سید یاور علی سے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ نگران حکومت کا مینڈیٹ صاف ستھرے ماحول میں پر امن انتخابات کا انعقاد ہے جس میں تمام ریاستی اداروں کا تعاون ضروری ہے ۔

انہوںنے چیف جسٹس لاہور کو بتایا کہ شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے ابتدائی مرحلہ میں حکومت پنجاب کی جانب سے الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں تبادلوں اور قوانین سے متصادم تعیناتیوں کی تنسیخ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے صوبائی وزیر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی اور سرکاری محکموں میں قانونی افسران کی بھرتیوں کے سلسلہ میں ماضی میں ہائیکورٹ سے مشاورت کی مروجہ روایت کے احیاء کی ضرورت پر زور دیاگیا ۔

(جاری ہے)

ضیاء حیدر رضوی نے تعاون کی یقین دہانی پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اور مشاورت کے عمل کے ازسر نو آغاز کے لیے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی یقین دہانی کروائی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے ملاقات کے بعد صوبائی وزیر نے لاہور ہائی کورٹ بار کا بھی دورہ کیا جہاں لاہور ہائیکورٹ باراور پاکستان بار ایسوسی ایشن کے صدور نے اُن کا بھر پور استقبال کیا اور بطور نگران وزیر قانون ذمہ داریوں کی تفویض پر مبارکباد پیش کی ۔

اس موقع پر بار ممبران سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ان کا دوسرا گھر ہے ۔ان کی ساری زندگی گھر سے بار اور بار سے گھر تک کے سفر پر محیط ہے ۔عدلیہ ریاست کا اہم ستون اور ملک میں قانون کی بالادستی کی ذمہ دار ہے اس لیے ہمیں اپنا کردار بہت محتاط رہ کر ادا کرنا ہے۔ اُنھوں نے وکلاء سے درخواست کی کے وہ انتخابات اور اُن کی تیاریوں کے دوران اپنے حلقوں کا دورہ کریں اور الیکشن سے متعلقہ مسائل یا اس حوالے سے ہونے والی کسی بھی لاقانونیت کی نشاندہی کریں تا کہ ان کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔