ڈیم بنانے کی مخالف قوتیں دراصل اس ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہیں، جمیل احمد پراچہ

منگل 19 جون 2018 18:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) سندھ تاجر اتحاد کے چئیرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لئے صوبہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں ڈیموں کا بننا ضروری ہوگیا ہے۔ ڈیم بنانے کی مخالف قوتیں دراصل اس ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان فوری طور پر ملک میں ڈیموں کی تعمیر کے عوامی مطالبے پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

سندھ تاجر اتحاد آئندہ ہفتہ کراچی میں سندھ سمیت ملک بھر میں ڈیموں کی تعمیر کی حمایت میں صوبے بھر کے تاجروں کے ساتھ مل کر ریلی کا انعقاد کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میںاتحاد کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ اس وقت ملک بھر اور خصوصاً صوبہ سندھ پانی اور بجلی کے بحران میں مبتلا ہے اور صورتحال یہ ہے کہ اب تو پینے کو بھی پانی نایاب ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی حالت زار یہ ہے کہ اندرون سندھ 18 گھنٹوں سے زائد بجلی فراہم نہیں کی جارہی جبکہ کراچی میں بجلی بند ش کا دورانیہ 8 سے 12 گھنٹے طویل ہوگیا ہے۔ جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بجلی اور پانی کی دستیابی ہے لیکن افسوس اس ملک کی خیر خواہی کے دعویدار سیاسی قوتیں آج بھی سندھ اور دیگر صوبوں میں ڈیم بنانے کی مخالف بنی ہوئی ہیں۔

جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی ترقی بجلی اور پانی کی فراہمی میں ہی ہے اور اس کا دارومدار صرف اور صرف ڈیموں کی تعمیر پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں جو سیاسی جماعت اپنے منشور میں صوبہ سندھ اور ملک بھر میں ڈیموں کی تعمیر کو اولیت دے گی عوام اسی جماعت کی حمایت کرے گی۔ جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ اگر سندھ میں ڈیم بنائے گئے ہوتے اور ان ڈیموں کی تعمیر کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالی جاتی تو آج پاکستان اس دنیا میں ترقی یافتہ ملکوں کی فہرست میں سر فہرست ہوتا۔

انہوںنے آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طو ر پر اس عوامی مسئلہ میں اپنا کردار ادا کریں اور ملک بھر اور خصوصاً صوبہ سندھ میں ڈیموں کی تعمیر کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ تاجر اتحاد اور اس میں شامل سندھ بھر کی تاجر تنظیموں کے تحت آئندہ ہفتہ کراچی میں ڈیم بنائو ریلی کا انعقاد کیا جائے گا اور اس ریلی میں جہاں سندھ بھر کی تاجر تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی وہاں تمام شعبہء ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو بھی دعوت دی جائے گی۔