عام انتخابا ت میں صنعت کار اور تاجرعوام کو صحیح رہنمائی فراہم کریں ، گورنرسندھ

منگل 19 جون 2018 18:48

عام انتخابا ت میں صنعت کار اور تاجرعوام کو صحیح رہنمائی فراہم کریں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 2013 ء میں مقامی صنعتیں زبو ںحالی کا شکار تھیں ، مقامی و غیر ملکی سرمایہ کارپاکستان آنے سے ہچکچاتے تھے ، تونائی بحران کے باعث صنعتیں بند ہورہی تھیں جس کی وجہ سے بے روزگاری اور غربت میں مسلسل اضافہ ہو ا ،لیکن گذشتہ حکومت نے انتہائی خراب حالات میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالی اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا آج کے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کا ری تسلسل سے بڑھ رہی ہے اور نئی نئی صنعتیں لگنے سے لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہیں، 25 جولائی 2018 ء کے عام انتخابات میں عوام کو اپنے بہتر مستقبل کے لئے کارکردگی کی بنیاد پر اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہوگا اس ضمن میں صنعت کار ، تاجر اور کاروباری افراد عوام کی بہتر رہنمائی کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں معروف صنعت کار ایس ایم منیر کی سربراہی میں آنے والے 20 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں معروف صنعت کار اور تاجر شامل تھے ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ معاشی ترقی میں گذشتہ حکومت کی کارکردگی اپنی مثال آپ رہی ،صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی وترقی ، نئی صنعتوں کے قیام کی بھرپور حوصلہ افزائی ، صنعت کاروں اور تاجروں کی رہنمائی سے قومی معاشی پالیسی کی تشکیل سے صنعتی فعالیت ممکن ہوئی ، گذشتہ حکومت کی معاشی پالیسی سے نئی صنعتوں کے قیام ، سرمایہ کاری میں اضافہ اور نجی سیکٹر نے فعال کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ قومی خوشحالی کے لئے صنعتی ترقی ناگزیر ہے ، صنعتی فعالیت سے قومی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کو روزگار کے مواقع حاصل ہوتے ہیں جس سے بے روزگاری میں بھی واضح کمی ہوتی ہے ، صنعتی فعالیت کے لئے وژنری حکومت انتہائی نا گزیر ہے اس ضمن میں عام انتخابات اہم ثابت ہونگے ، ملکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں تاجر برادری اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ ملاقات میں معروف صنعت کار ایس ایم منیر نے کہا کہ پالیسیوں میں تسلسل انتہائی ناگزیر ہے اس ضمن میں صنعت کار ، تاجر اور سرمایہ کار ملک کے روشن مستقبل کے لئے عوام کو رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ قومی ترقی کی رفتار مزید تیز کی جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :