ویلفیئر فنڈز پر پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کا حق ہے ،ْامجد جاوید سلیمی

امدادی رقوم کے حوالے سے پولیس ملازمین کی درخواستوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے ،ْآئی جی سندھ

منگل 19 جون 2018 16:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ امجد جاویدسلیمی کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں پولیس ویلفیئر برانچ اور اسکے تحت اٹھائے جانیوالے پولیس ملازمین اور انکے بچوں کی فلاح وبہبود جیسے اقدامات کا خصوصی حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مزید ضروری فیصلے اور احکامات دیئے گئے ۔

اجلاس میں اے آئی جی ویلفیئر سندھ،اے آئی جی آپریشنز سندھ اور اے آئی جی ایڈمن سی پی او نے شرکت کی۔اے آئی جی ویلفیئر سندھ نے پولیس ویلفیئر کے حوالے سے تمام جاری اقدامات پر اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ مرحومین اور شہدائے پولیس کے ورثاء کے لئے محکمانہ امداد ودیگرمروجہ مراعات کی فراہمی کے حوالے سے جتنے بھی کیسز زیر التواء ہیں انہیں اندرون ایک ماہ کلیئر کیا جائے ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے فیصلہ کیا کہ پولیس ویلفیئر اقدامات کے حوالے سے ماہانہ بنیاد پر شیڈول اجلاس کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کے لئے اسکالر شپ گرانٹ سو فیصد کرنے ،میرج گرانٹ، پولیس اسکولز کے اساتذہ کی تنخواہیں ودیگر ضروری امور کو پولیس ویلفیئر بورڈ میں زیر بحث لاکر تمام تر عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ویلفیئر فنڈز پر پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کا حق ہے اور حق دار تک اسکا حق پہنچانا ایک ایسا فریضہ ہے جس میں تاخیر کسی بھی صورت ناقابل برداشت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کی جانب سے امدادی رقوم کی فراہمی کے حوالے سے موصول ہونیوالی درخواستوں پر عمل درآمد کو ہنگامی بنیادپریقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ میں جلد ہی تمام زخمی پولیس افسران اور جوانوں کی عیادت کرونگا اورانہیں فراہم کی جانیوالی مروجہ مراعات ودیگر سہولیات کا بھی جائزہ لونگا۔