جنیوا میں کشمیری وفد کی اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین سے غیر رسمی ملاقات

منگل 19 جون 2018 16:05

اقوامِ متحدہ، جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 38ویں اجلاس میں شریک کشمیری وفد نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین سے غیر رسمی ملاقات کی اور کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی پہلی رپورٹ جاری کرنے میں ان کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا. کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر جاری اقوام متحدہ کی تاریخی رپورٹ میں کشمیر کو بین الاقوامی متنازع علاقہ قرار دیا ہے اور وادی میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سلسلے میں بھارت کو مورد الزام ٹھہرایا گیا ہی.اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین نے گزشتہ ہفتے کشمیر میں انسانی کے حقوق کی صورتحال پر 49 صفحات کی رپورٹ جاری کی، جس میں بین الاقوامی برادری سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جامع تحقیقات کے لیے ایک تحقیقاتی کمیشن بنانے کی استدعا کی گئی ہی.کشمیری وفد نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین، جن کا تعلق اردن سے ہے، کے اس بیان کا خیر مقدم کیا جس میں انہوں نے معروف صحافی کشمیری سید شجاعت بخاری کو خراج تحسین پیش کیا اور ان شہید کیے جانے کی مذمت کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے سید شجاعت بخاری کو سرینگر کے ایسے علاقے میں شہید کیا گیا جو بھارتی فوج کی انتہائی سخت سکیورٹی کے لیے مشہور سید شجاعت بخاری کو کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی تاریخی رپورٹ کے اجراء کے کچھ گھنٹوں کے بعد قتل کیا گیا. سید شجاعت بخاری نے عوامی طور پر اس رپورٹ کا خیرمقدم کیا تھا.اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین سے غیر رسمی ملاقات میں کشمیر وفد کے اراکین میں سرینگر سے تعلق رکھنے والے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر سید فیض نقشبندی، کشمیرانسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے ڈائریکٹر سردار امجد یوسف خان، حسن بنا اور ایڈوکیٹ پرویز شاہ شامل تھے۔

کشمیر کے آزادی پسند رہنماوں کا وفد سینئر حریت رہنماء الطاف حسین وانی کی سربراہی میں جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے 38 ویں اجلاس میں شرکت کر رہا ہی. وفد کے دیگر اراکین میں سید فیض نقشبندی، سردار امجد یوسف خان، حسن بنا اور ایڈوکیٹ پرویز شاہ، مسز شمیم شال، طیبہ بشیر اور یوتھ فورم فار کشمیر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد قریشی شامل ہیں.YFKانٹرنیشنل کشمیر لابی گروپ(یوتھ فورم فار کشمیر)، ایک غیر جانبداربین الاقوامی این جی او(NGO) ہے جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہٴ کشمیر کے پُر امن حل کیلئے کوشاں ہے۔