پرویز مشرف، فاروق ستار اور اسداللہ بھٹو کے کاغذات نامزدگی مسترد

فاروق ستا ر اور اسد اللہ بھٹو نے عدا لت جا نے کا اعلان کر دیا ، آ ل پا کستان مسلم لیگ کا پر ویز مشر ف کے کا غزات نا مز دگی مسترد ہو نے پر افسوس کا اظہار

منگل 19 جون 2018 16:05

پرویز مشرف، فاروق ستار اور اسداللہ بھٹو کے کاغذات نامزدگی مسترد
کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) سابق صدر پرویز مشرف، ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور جماعت اسلامی کے نا ئب امیر اسداللہ بھٹو کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے قومی اسمبلی کی نشست پر کراچی کے تین حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں این اے 245،241 اور 247 کے حلقے شامل ہیں۔

ریٹرننگ افسر احسان خان نے حلقہ این اے 245 سے ڈاکٹر فاروق ستار کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جس کیبعد انہیں مسترد کردیا گیا۔ریٹرننگ افسر نے بتایا کہ ایم کیوایم رہنما فاروق ستار 2 مقدمات میں مفرور ہیں اور انہوں نے کاغذات نامزدگی میں مفروری کا ذکر نہیں کیا جس بنا پر ان کے کاغذات مسترد کیے گئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ اب تک 28 مقدمات میں ضمانت کراچکا ہوں، ریٹرننگ افسر نے جن مقدمات کا ذکر کیا ان میں بھی مقامی عدالتوں سے ضمانتیں کراں گا جب کہ سندھ ہائیکورٹ میں کل اپیل دائر کروں گا۔دوسری جانب آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کے این اے 1 چترال سے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے ہیں جہاں ریٹرننگ افسر محمد خان نے ان کے کاغذات مسترد کیے۔

اے پی ایم ایل کے رہنما ڈاکٹر امجد نے کہا کہ پرویز مشرف اس بار نااہل ہونے پر الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے لیکن ہم انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے اور اس بار بائیکاٹ نہیں ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف وطن واپس آنا چاہتے تھے لیکن ان کی واپسی میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے، جب مشرف واپس نہیں آتے تو کہا جاتا ہے کہ وہ واپس نہیں آنا چاہتے اور جب آنا چاہتے ہیں تو ان کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ بلاک کردیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی سے متعلق کیس میں انہیں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم وطن واپس نہ آنے پر عدالت نے سابق صدر کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا حکم واپس لے لیا تھا۔علاوہ ازیں کراچی کے حلقہ این ای242 سے جماعت اسلامی کینائب امیر اسداللہ بھٹو کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیئے گئے ہیں۔جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اسداللہ بھٹو بینک ڈیفالٹر کی لسٹ میں شامل تھے جس بنا پر ان کیکاغذات مسترد کیے گئے۔اسداللہ بھٹو کا کہنا ہے کہ وہ ڈیفالٹر نہیں ہیں یہ بینک کی غلطی ہے جس پر عدالت جائیں گے۔