عیدالفطر کے موقع پر عوام نے دس کھرب سے زائدروپے کی ریکارڈ خریداری

ملک میں امن و امان کی صورتحال نمایاں حد تک بہتر ہوئی ہے ،ْ افنان شاہ خان کی گفتگو

منگل 19 جون 2018 15:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) تمام خدشات کے باوجود پاکستانیوں نے عیدالفطر کا تہوار انتہائی مسرت کے ساتھ منایا اور خریداری کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 15 فیصد اضافے کے ساتھ 10 کھرب سے زائد روپے کی خریداری کی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق تجزیہ کاروں نے بتایا کہ پہلے ایک گھر کا واحد کفیل ہوا کرتا تھا تاہم اب اس ہی گھر میں کفالت کرنے والوں میں اضافہ ہوگیا جس کے بعد انہوں نے عید جیسے موقع پر اپنے مالی خلا کو پر کرلیا۔

انہوںنے کہاکہ اقتدار کی منتقلی، بہتر ہوتی سیکیورٹی کی صورتحال نے عوام پرسکون ہیں جس نے ان میں موجود بے یقینی کو ختم کیا اور انہیں اپنی خوشیوں کے حوالے سے ایک سوچا سمجھا خطرہ مول لینے کے قابل بنایا۔خیال رہے کہ عید کی خریداری میں اچانک اضافہ معاشی، سیاسی اور سماجی عوامل سے منسوب ہے۔

(جاری ہے)

ایمپوریم مال لاہور کے ڈائریکٹر آپریشنز افنان شاہ خان نے بتایا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال نمایاں حد تک بہتر ہوئی ہے اور اسی وجہ سے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ سیرو تفریح کے شوقین افراد کے پاس نادر موقع تھا کہ وہ اس مذہبی تہوار کے لیے زیادہ سے زیادہ خریداری کریں، جسے انہوں نے ممکنہ طور پر ضائع نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے شاپنگ مال کا 10 لاکھ سے زائد افراد نے دورہ کیا جبکہ گزشتہ برس رمضان کے دوران عیدالفطر کی خریداری کیلئے آنے والے افراد کی تعداد 8 لاکھ 30 ہزار تھی۔ایک کاروباری تجزیہ نگار نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بڑا ملک ہے جس میں مسائل بہرحال موجود ہیں اور یہاں پریشان کن واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، لیکن اب عوام اس بات سے آگاہ ہوچکے ہیں کہ دہشت گردوں کے عوام پر حملوں میں نمایاں حد تک کمی ا?چکی ہے جو ماضی میں بہت تباہ کن تھے۔

ایک اور تجزیہ نگار نے لوگوں کی قوتِ خرید پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے اپنی معاشی تفریق کے برعکس مارکیٹوں کا خالی جیب کے ساتھ دورہ نہیں کیا اور اپنے ساتھ واضح طور پر عید کی خریداری کیلئے اپنا بجٹ بنائے رکھا۔کراچی کی صدر مارکیٹ کے ایک تاجر نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ لوگ اب نہ صرف اپنے لیے نئے کپڑے خرید رہے ہیں بلکہ اب وہ اپنی خریداری کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی اشیا اور دیگر سامان بھی خرید رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عید کی خریداری کے ساتھ ساتھ عوام نے نئے موبائل فونز، برقی آلات، فرنیچر اور کراکری وغیر بھی خریدی۔بینکر اور فن ٹیک ماہرین کے مطابق لوگوں کی خریداری دکانوں تک محدود نہیں تھی بلکہ انہوں نے آن لائن بھی ریکارڈ خریداری کی۔