سعودی عرب :رہائشی اور روزگار قوانین کی خلاف ورزی پر سعودی عرب میں بڑا کریک ڈاؤن

گزشتہ سات ماہ کے دوران ساڑھے بارہ لاکھ افراد کو گرفتار کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 جون 2018 14:20

سعودی عرب :رہائشی اور روزگار قوانین کی خلاف ورزی پر سعودی عرب میں بڑا ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جُون 2018ء) سعودی عرب میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری امیگریشن مہم کے دوران تقریباً ساڑھے بارہ لاکھ افراد کو رہائشی‘ روزگار اور سرحدی ضابطوں اور قوانین کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ کریک ڈاؤن گزشتہ سال 16 نومبر کو شروع کیا گیا اور 14 جُون 2018ء کو عید سے ایک روز قبل اختتام کو پہنچا۔ جس دوران بارہ لاکھ اکیاون ہزار نو سو چھیاسٹھ افراد کو زیر حراست لیا گیا۔

ان زیر حراست افراد میں سے نو لاکھ اکتیس ہزار اُنسٹھ افراد رہائشی قوانین کی خلاف ورزی کے مُرتکب پائے گئے‘ روزگار کے قوانین کی خلاف ورزی پر دو لاکھ اٹھارہ ہزار آٹھ سو ستانوے افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک لاکھ دو ہزار افراد کی گرفتاریاں سعودی سرحد کی سیکیورٹی کی خلاف ورزی پر عمل میں لائی گئیں۔

(جاری ہے)

غیر قانونی طور پر سعودی سرحد کے ذریعے مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے پر اُنیس ہزار دو سو تینتیس افراد کو گرفتار کیا گیا۔

جن میں سے 54 فیصد کا تعلق یمن‘ 43فیصد کا ایتھوپیا جبکہ 3 فیصد کا دیگر ممالک سے تھا۔ جبکہ 790افراد ایسے تھے جنہیں غیر قانونی طور پر سعودی عرب سے اخراج کرنے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ جبکہ 2167 افراد ایسے تھے جنہیں مملکت میں روزگار اور سرحدی سلامتی کے مرتکب افراد کو دُوسری جگہ منتقل کرنے کی کوشش پر زیرِ حراست لیا گیا۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 388شہریوں کے خلاف کارروائی کی گئی جنہیں بعد میں رہا کر دیا گیا۔

اس وقت مُلک کی جیلوں میں قید غیر مُلکیوں کی تعداد 10,245ہے جن میں 8,817 مرد جبکہ 1,428 خواتین ہیں۔ کریک ڈاؤن کے دوران قوانین کے مرتکب غیر مُلکی افراد میں سے دو لاکھ اکیس ہزار چار سو چار پر فوری نوعیت کے جرمانے اور سزائیں عائد کی گئیں‘ ایک لاکھ ستتر ہزار تین سو اُنتیس کو سفری دستاویزات کے سلسلے میں اپنے متعلقہ سفارت خانوں سے رجوع کے لیے کہا گیا جبکہ تین لاکھ ستائیس ہزار چونتیس افراد کو ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :