الیکشن کمیشن میں کئی اہم ترین عہدے خالی ہونے کی وجہ سے عام انتخابات کے امور متاثر ہونے کا خدشہ

منگل 19 جون 2018 14:44

الیکشن کمیشن میں کئی اہم ترین عہدے خالی ہونے کی وجہ سے عام انتخابات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) الیکشن کمیشن میں کئی اہم ترین عہدے خالی ہونے کی وجہ سے عام انتخابات کے امور متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق عام انتخابات کو صرف 5 ہفتے رہ گئے ہیں تاہم ملک بھر میں صاف، شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کے انعقاد کے ذمہ دار ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو افسران کے بحران کا سامنا ہے جس کی وجہ سے الیکشن امور متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ماضی میں ترقیاں نہ دینے سے افسران کا بحران پیدا ہوا، دو صوبائی الیکشن کمشنرز سمیت کئی اہم عہدے قائم مقام افسران سے چلائے جا رہے ہیں، اس وقت دو ایڈیشنل سیکرٹریز، 3 ڈائریکٹر جنرلز، 3 ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، 3 ڈائریکٹرز اور 7 ریجنل الیکشن کمشنرز سمیت گریڈ 18 سے 21 کی درجنوں پوسٹیں خالی ہیں۔ڈاکٹر اختر نذیر کے چیف سیکرٹری بلوچستان مقرر ہونے سے ایڈیشنل سیکرٹری کا عہدہ خالی ہوا، ظفر اقبال ملک کو صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لگانے سے ایڈیشنل سیکرٹری ٹریننگ کا عہدہ خالی ہوا ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن کے ترجمان ندیم قاسم نے انتظامی بحران کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اس بحران سے عام انتخابات متاثر نہیں ہوں گے۔