ن لیگی قائد کے بعد ن لیگی اُمیدواروں نے بھی قانون کا مذاق بنا ڈالا

ن لیگی اُمیدوار کی گاڑی پر نمبر پلیٹ کی بجائے شیر کی تصویر موجود

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 جون 2018 14:11

ن لیگی قائد کے بعد ن لیگی اُمیدواروں نے بھی قانون کا مذاق بنا ڈالا
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2018ء) : قانون شکنی کے معاملے میں مسلم لیگ ن کے نمائندے، اُمیدوار اور کارکنان پیش پیش رہے ہیں، یہی نہیں مسلم لیگ کے قائد بھی کئی مرتبہ مختلف نوعیت کے قوانین توڑ چکے ہیں جس کی وجہ سے پارٹی کے اُمیدواروں اور کارکنان کو بھی قانون کی دھجیاں اُڑانے کا موقع مل جاتا ہے، پشاور میں ن لیگی اُمیدوار نے قانون کا مذاق بنا ڈالا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی کے 73 پشاور سے مسلم لیگ ن کے اُمیدوار فرہاد علی ایڈووکیٹ کی گاڑی پر نمبر پلیٹ کی جگہ شیر کی تصویر لگائی گئی ہے۔ فرہاد علی نے نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کی بلکہ وہ نمبر پلیٹ کی جگہ شیر کی تصویر لگا کر شہر بھر میں اسی گاڑی پر گُھوم رہے ہیں۔ گاڑی کے نہ صرف پچھلی نمبر پلیٹ پر شیر کی تصویر ہے بلکہ گاڑی کے فرنٹ پر موجود نمبر پلیٹ پر بھی نمبر کی جگہ شیر کی تصویر ہی لگائی گئی جو قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

فرہاد علی اپنی گاڑی لے کر جی ٹی روڈ پر گھُومتے رہے اور خود گاڑی ڈرائیو کرتے رہے، ان کی گاڑی پر مسلم لیگ ن کے بینرز بھی لگائے گئے ہیں، اثر و رسوخ رکھنے اور مسلم لیگ ن کے رہنما ہونے پر ٹریفک پولیس بھی ان کو کچھ کہنے اور قانون پر عملدرآمد کروانے سے گریزاں دکھائی دیتی ہے۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد بھی پروٹوکول کے عادی ہیں اور اکثر ان کی اور شریف خاندان کی گاڑیوں کی متناعہ نمبر پلیٹس کی بنیاد پر نشاندہی کی گئی ہے۔

ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہونے پر پارٹی کے اُمیدوار اور کارکنان بھی اپنے قائد کے ہی نقش قدم پر چلتے ہوئے قانون کی دھجیاں اُڑا رہے ہیں جبکہ پولیس اور ٹریفک حکام بے بس ہیں۔فرہاد علی کی جی ٹی روڈ پر سفر کرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی۔ جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔