کینیا ،سڑک کنارے نصب مائن پھٹنے سے 8پولیس اہلکار جاں بحق

حملہ دہشت گرد تنظیم الشباب کی کاروائی لگتا ہے، کوآرڈینیٹر محمد صالح

منگل 19 جون 2018 14:15

نیروبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) کینیا میں سڑک کنارے نصب مائن پھٹنے سے 8پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے،مائن حملہ دہشت گرد تنظیم الشباب کی کاروائی لگتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیا میں سڑک کے کنارے نصب مائن کے پھٹنے کے نتیجے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کینیا کے شمال مشرقی علاقے کے کوآرڈینیٹر محمد صالح نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ دھماکہ صومالیہ کے ساتھ سرحدی صوبے وجیر کے علاقے بوجیگراس میں اس وقت ہوا کہ جب پولیس کی گاڑی راستے سے گزر رہی تھی۔

صالح نے کہا ہے کہ دھماکہ پہلے سے سڑک کے کنارے نصب مائن کے پھٹنے کے نتیجے میں ہوا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ حملے کے اولین شواہد کے مطابق حملہ دہشت گرد تنظیم الشباب کی کاروائی لگتا ہے اور حملے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں آپریشن کا آغاز کروا دیا گیا ہے۔اطلاع کے مطابق ملک کے خفیہ ادارے نے ماہِ رمضان کے دوران علاقے میں کسی ممکنہ حملے کی دو ہفتے پہلے سے ہی وارننگ دے رکھی تھی ۔