فٹ بال ورلڈ کپ: قراة العین بلوچ کی آواز میں بھی گانا ریلیز

گانے کو انگریزی زبان میں گلوکار جیسن ڈیرولو جبکہ پنجابی اور اردو زبان میں کیو بی نے گایا

منگل 19 جون 2018 13:25

فٹ بال ورلڈ کپ: قراة العین بلوچ کی آواز میں بھی گانا ریلیز
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19جون 2018 ء) پاکستانی گلوکارہ قراة العین بلوچ (کیو بی) اور انٹرنیشنل آرٹسٹ جیسن ڈیرولو کی آواز میں فٹ بال ورلڈ کپ 2018ءکے لیے گانا ’کلرز‘ ریلیز ہوگیا ہے ۔ نجی کمپنی کی پیشکش اس گانے کو انگریزی زبان میں گلوکار جیسن ڈیرولو نے جبکہ پنجابی اور اردو زبان میں کیو بی نے گایا ہے۔ کیو بی پہلی پاکستانی گلوکارہ ہیں جنہیں فیفا ورلڈ کپ 2018 ءکے لیے جیسن ڈیرولو کے ساتھ گانا گانے کا موقع ملا ہے، جس پر انہوں نے فخر اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔

روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018 ءکے حوالے سے یہ گانا ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا، جس کی ویڈیو کو بھی بے حد پسند کیا جارہا ہے۔اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح دنیا بھر میں لوگ فیفا ورلڈ کپ کا جشن منا رہے ہیں، خصوصاً پاکستانی کس طرح فٹبال ورلڈ کپ کے بخار میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں ساتھ ہی یہ پیغام بھی دیا گیا ہے کہ دنیا کہ تمام لوگ ایک دوسرے سے مختلف ہونے کے باوجود بھی متحد ہوکر فٹبال میچز دیکھ رہے ہیں جو ایک مثبت نشانی ہے تاہم واضح رہے کہ یہ فٹبال ورلڈ کپ کا آفیشل گانا نہیں ہے۔

فیفا نے روس میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ 2018 کا آفیشل گانا 'لِو اِٹ اپ' گزشتہ ماہ جاری کیا تھا، جسے معروف فنکاروں وِل اسمتھ، نکی جیمز اور ایرا استریفی نے گایا ہے۔یاد رہے کہ 2010ءمیں جنوبی افریقہ میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کا آفیشل گانا ’واکا واکا‘گلوکارہ ’شکیرا‘ نے گایا تھا جو آج بھی مقبول ہے اور حالیہ ورلڈ کپ کا آفیشل گانا ”لِو اِٹ اپ“بھی اس کا ریکارڈ نہیں توڑ سکا ہے۔یاد رہے کہ فٹ بال کا سب سے بڑا عالمی میلہ اس وقت روس کے مختلف شہروں میں جاری ہے جس میں پاکستان کے تیارکردہ فٹ بال استعمال کیے جارہے ہیں ۔
فٹ بال ورلڈ کپ: قراة العین بلوچ کی آواز میں بھی گانا ریلیز