کیا کلثوم نواز بالکل ٹھیک ہیں!۔۔۔ ہسپتال میں موجود نواز شریف کی اہلیہ کے بارے میں کیا خبر آگئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 جون 2018 12:43

کیا کلثوم نواز بالکل ٹھیک ہیں!۔۔۔ ہسپتال میں موجود نواز شریف کی اہلیہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2018ء) : سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی لندن میں بیماری اور اسپتال میں داخلہ آج کل چہ مگوئیوں کی زد میں ہے، اور ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ مریم نواز کا یہ کہنا کہ والدہ کو ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ بے ہوش ہو گئیں اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے پھر ایک آدمی کا ان کے کمرے میں چلے جانا ، اس سے تفتیش و تحقیق اور ایک نیا انکشاف کہ شاید کلثوم نواز اتنی سیریس نہیں ہیں جتنا کہا جا رہا ہے، اس حوالے سے ملک میں اپوزیشن ایک پراپیگنڈہ مہم شروع کر چکی ہے اور مسلم لیگ ن کے ورکر بددل ہو تے جا رہے ہیں کہ شاید روایتی طور پر اقتدار کی خاطر بیگم کلثوم نواز کی اس بیماری کوبھی استعمال کیا جا رہا ہے، کلثوم نواز کی حالت خراب ہونے کا کہہ کر میاں ںواز شریف اور مریم نواز نے پاکستان آمد کو بھی مؤخر کر دیا ہے اور اگر انہوں نے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کر لیا ہے تو یہ مسلم لیگ ن کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہو گا اور انتخابی معرکے میں مسلم لیگ ن کا ووٹ بنک بڑی حد تک متاثر ہو گا۔

(جاری ہے)

لندن کے ہارلےاسٹریٹ کلینک میں زیرعلاج بیگم کلثوم نواز کی طبیعت میں بہتری نہیں آسکی۔وہ تاحال وینٹی لیٹر پرہیں اور ڈاکٹرز ان کی جان بچانےکی کوششیں کررہے ہیں۔ اہلیہ کی عیادت کے لیے آئے نوازشریف نے دعاؤں کے لیےقوم کی دعاؤں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مریم اورحسین نواز بھی والدہ کے لیے پریشان دکھائی دئیے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ میری بھابھی بیگم کلثوم نواز وینٹی لیٹر پر ہیں۔

شہباز شریف نے بھی عوام سے بیگم کلثوم نواز کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ۔یاد رہے کہ عید سے قبل مریم نواز اور نواز شریف لندن روانہ ہوئے اور کہا جا رہا تھا کہ مریم نواز اور نواز شریف لندن میں عید گزار کر واپس آ جائیں گے لیکن لندن پہنچنے سے قبل ہی بیگم کلثوم نواز کی طبیعت بگڑی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، حالت تشویشناک ہونے پر ڈاکٹرز نے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا۔

لندن میں نواز شریف اور مریم نواز کی ڈاکٹر سے طویل ملاقات ہوئی جس میں ڈاکٹرز نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دیا۔ وینٹی لیٹر سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے ڈاکٹرز بیگم کلثوم نواز کی طبیعت کا جائزہ لیں گے۔ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو زیادہ وقت بیگم کلثوم نواز کے ساتھ گزارنے کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف نے کلثوم نواز کی خراب طبیعت کے باعث وطن واپسی بھی موخر کردی ہے۔